تازہ ترین

اوورسیز پاکستانیوں نے کتنا زرمبادلہ بھیجا؟ رپورٹ میں اہم انکشاف

اسلام آباد : سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں اکتوبر کے دوران ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ  کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجے جانے والی رقوم میں اکتوبر کے دوران ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر بالترتیب 11.5 اور 9.6 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کر دہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں اوورسیز پاکستانیوں نے 2.5 ارب ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو ستمبر کے مقابلہ میں 11.5 اور گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلہ 9.6 فیصد زیادہ ہے۔

ستمبر میں اوورسیز پاکستانیوں نے 2.2 ارب ڈالر اور گزشتہ سال اکتوبر میں بھی 2.2 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ میں سمندر پارپاکستانیوں نے مجموعی طور پر 8.8 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا ہے۔

اکتوبر میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 616.8 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات 473.9 ملین ڈالر، برطانیہ 330.2 ملین ڈالراور امریکا میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 283.3 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔

Comments

- Advertisement -