تازہ ترین

ملک آئینی بحران کا شکار ہے، بلاول بھٹو کا اعتراف

کراچی: وزیر خارجہ و چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اعتراف کیا ہے کہ ملک آئینی بحران کا شکار ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں بی آئی ایس پی پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم معاشی، سیاسی ، جمہوری بحران کی طرف بڑھ رہے ہیں ہمارا مقابلہ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی سے ہے، معاشی بحران میں فیصلہ کیا ہے کہ پروگرام کی رقم میں 25 فیصد اضافہ ہوگا حکومتی ذمہ داران بھی مشکل وقت میں عوام کی مزید مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک بھر میں اس طرح کی مہم چلانی چاہیے، سیلاب سے بھی بہت سے لوگ متاثر ہوئے ہیں، چھوٹے کسانوں کی مدد کے لیے بھی پروگرام لارہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو شفاف ترین پروگرام بنایا بہت سے لوگ اس پروگرام کے خلاف تھے لیکن عالمی ادارے بھی مانتے ہیں یہ شفاف ترین پروگرام ہے وہ بھی بی آئی ایس پی پروگرام کے تحت مدد کرنے کے لیے تیار تھے۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے عوام کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کی ہمارا اس پروگرام کا مقصد اور سوچ یہ ہے کہ غریب کو ان کا حق دینا ہے، غریب لوگوں کا اپنا گھر چلانا بہت مشکل ہے، ہم نے اس پروگرام کے تحت ان غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا میں کچھ جماعتیں سوچتی ہیں کہ امیر کو امیر بنائیں گے تو معیشت کو فائدہ ہوگا لیکن امیر جتنا بھی امیر ہوجائے وہ اتنا ہی کنجوس ہوتا ہے امیر آدمی اپنا پیسہ بینک میں رکھتا ہے لیکن غریب کے لیے ایک ہزار روپے بھی بہت اہمیت رکھتے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم ملک کی معیشت کے لیے مدد کررہے ہیں جب پیسہ نچلے طبقے تک آتا ہے تو معیشت کو فائدہ ہوتا ہے اس کے لیے بی آئی ایس پی پروگرام سے بہتر کچھ نہیں ہے۔

Comments

- Advertisement -