تازہ ترین

پاکستانی طلبہ کا بڑا کارنامہ، ہائبرڈ گندم تیار کر لی

پاکستان کے ہونہار بچے کسی طور دنیا کے ذہین بچوں سے کم نہیں ملتان یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات نے ہائبرڈ گندم تیار کر کے بڑا کارنامہ انجام دے دیا۔

پاکستان میں انسانی آبادی جس رفتار سے بڑھ رہی ہے اس رفتار سے ملکی پیداوار میں اضافہ نہیں ہو رہا بلکہ چند سالوں سے کمی دیکھی جا رہی ہے۔ گندم انسانی خوراک کا سب سے اہم جزو ہے۔ ملتان زرعی یونیورسٹی کے ذہین طالبعلموں نے اس کا حل بھی نکال لیا۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے دانیال اقبال کے مطابق ملتان میں زرعی یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات نے ہائبرڈ گندم تیار کر لی ہے۔ آسٹریلیا اور جرمنی کے تعاون سے تیار کی گئی یہ ہائبرڈ گندم پاکستان میں روایتی گندم کی فی ایکڑ پیداوار سے 50 فیصد زائد پیداوار دے گی۔

نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کے ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ بریڈنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ و طالبات ریسرچرز نے آسٹریلیا اور یورپی ملک جرمنی کے تعاون سے 80 سے 90 من فی ایکڑ پیداوار دینے والی ہائبرڈ گندم تیار کر لی ہے جبکہ پاکستان میں کسان فی ایکڑ گندم کی پیداوار صرف 50 سے 60 من تک کرتا ہے۔

زرعی یونیورسٹی میں تحقیق کرنے والے ماہرین ہائبرڈ گندم اس طرح تیار کرتے ہیں کہ وہ عام گندم کے پودوں کی پولینیٹ کرنے کی قدرتی صلاحیت اس طرح ختم کر دیتے ہیں کہ کھیتوں میں مادہ پودوں کی پولینیشن ایک دوسری قسم کے نر پودوں سے کی جاتی ہے جو ہائبرڈ کہلاتا ہے۔

طلبا و طالبات کا کہنا ہے کہ وہ ہائبرڈ گندم کے پودے کے ڈیزائن پر کام کر رہے ہیں جس سے کم لاگت میں زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔ ہائبرڈ گندم کے بیجوں میں ناموافق ماحولیاتی اور موسمیاتی حالات کا مقابلہ کرنے کی اہلیت بھی زیادہ ہے۔

زرعی یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ بریڈنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے پروفیسر کا کہنا تھا کہ ہم ہر سال 500 سے زائد ہائبرڈ بیج تیار کرتے ہیں جن میں سے مخصوص بیجوں کی کاشت کی جاتی ہے۔

Comments

- Advertisement -