تازہ ترین

وزیراعظم شاہد خاقان کی چینی ہم منصب سے ملاقات، اہم امور پرتبادلہ خیال

سوچی : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چین کی دوستی ہمالیہ کی چوٹیوں سے بلند اور بحیرہ عرب سے زیادہ گہری ہے اور یہ دوستی معاشی بندھن میں بندھ چکی ہے جس سے دونوں ملکوں کے عوام کے مالی حالات اور معیار زندگی میں انقلاب برپا ہوگا.

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ان خیالات کا اظہار روس کے شہر سوچی میں چین کے ہم منصب سے ملاقات کے دوران کیا جہاں انہوں نے چینی ہم منصب کو کمیونسٹ پارٹی کے 19 ویں کانگریس کے کامیاب انعقاد اور پولیٹیکل بیورومیں دوبارہ منتخب ہونے پر دلی مبارک باد پیش کی.

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے چین کو اہم معاملات بشمول ون چائنا پر اپنی حکومت کی حمایت کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس پروجیکٹ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہائی کرائی.

چینی وزیراعظم نے وزیراعظم شاہد خاقان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسٹریٹجک شراکت داری جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم میں رکنیت خطے کیلئے معاون ثابت ہوگی.

جس پر وزیراعظم پاکستان نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین کی زیر قیادت شنگھائی تعاون تنظیم قابل تعریف اور مؤثرکردار ادا کرر ہی ہے اور پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے اہداف کے حصول میں چین کی ہر ممکن معاونت کرے گا.

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم میں قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور سیاسی، معاشی، تجارتی، دفاعی و اسٹریٹجک شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا.

Comments

- Advertisement -