تازہ ترین

پاکستان معاشی دیوالیہ پن کے خوف سے باہر آگیا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی اور سیاسی طور پر بڑے چیلنجز سے گزر رہا ہے تاہم ملک معاشی دیوالیہ پن کے خوف سے باہر آگیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں سی پی این ای کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معاشی اور سیاسی طور پر بڑے چیلنجز سے گزر رہا ہے۔ معیشت کو سنبھالنے کے لیے موجودہ حکومت تمام تر کاوشیں بروئے کار لا رہی ہے اور اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان پر دیوالیہ ہونے کا خوف ختم ہوچکا ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ امید ہے جلد آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہو جائے گا۔ آئی ایم ایف معاہدے میں شرائط تسلیم کرنا پڑ رہی ہیں جس کا بوجھ عام آدمی پر پڑ رہ اہے اور مستقبل میں بھی پڑے گا۔ گزشتہ حکومت آئی ایم ایف معاہدے سے پیچھے ہٹ گئی تھی۔ انہوں نے اپنی حکومت جانے کے خوف کے پیش نظر آئی ایم معاہدے کی دھجیاں اڑائیں۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ عمران حکومت نے جو شرائط مانیں اس پر اسی طرح عمل کرنا ہوگا اور ہمیں یہ شرائط ماننی پڑیں۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط مکمل طور پر مان چکے ہیں۔ سعودی عرب پاکستان کا بہترین با اعتماد دوست ہے۔ یو اے ای، قطر اور چین بھی ہمارے برے وقت کے ساتھی ہیں۔ چین آج دنیا کی ابھرتی فوجی اور معاشی طاقت بن چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت سے دوستوں کا تاثر تھا کہ شہباز شریف یہ حکومت نہیں چلا پائے گا۔ آج اس حکومت کو 11 ماہ ہوگئے۔ حکومت چلانے میں میرا کریڈٹ نہیں اتحادیوں نے مثبت کردار ادا کیا۔ وفاقی حکومت نے 100 ارب روپے سیلاب زدگان کیلیے خرچ کیے۔ ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان بھجوا رہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -