تازہ ترین

وزیراعظم کا توشہ خانہ کا ریکارڈ پبلک کرنے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے توشہ خانہ کے مکمل ریکارڈ تک عوام کو رسائی دینے کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم نے وفاقی وزراء کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کا ریکارڈ پبلک کرنے جا رہے ہیں، اس میں قوم دیکھ لے گی کہ کیا تحائف آئے اور ان کی کیا تفصیل ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ توشہ خانہ سے متعلق آج کے بعد 300 ڈالر تک کا تحفہ رکھ سکیں گے جبکہ اگر 300 ڈالر سے اوپر کا تحفہ ہوگا تو کوئی رکن اس کو نہیں رکھ سکے گا، تحائف کی قیمت تھرڈ پارٹی لگائے گی جو شفاف ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ توشہ خانہ میں عدلیہ کو ملنے والے تحائف نہیں آتے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص کہتا تھا کہ بیرون ملک سے 300 ارب ڈالر واپس لاؤں گا، وہ شخص رفاہی ادارے کے نام پر پیسے جمع کر کے جیب میں ڈال لیتا تھا رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس شخص نے تحفے میں ملنے والی گھڑی 5 کروڑ میں فروخت کر دی، اس نے بطور وزیراعظم خانہ کعبہ کی گھڑی بیچی اور جعلی رسید جمع کرائی۔

Comments

- Advertisement -