تازہ ترین

مورو کے کچے میں پولیس کا کامیاب آپریشن، علاقہ ڈاکوؤں سے خالی

کراچی / لاہور: صوبہ سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقے میں پولیس کا گرینڈ آپریشن جاری ہے، مورو کے کچے میں بھی پولیس نے کامیاب آپریشن کے بعد علاقے کا کنٹرول حاصل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقے میں پولیس کا گرینڈ آپریشن جاری ہے، سندھ کے شہر مورو کے کچے میں بھی کامیاب آپریشن کے بعد علاقے کا کنٹرول حاصل کرلیا گیا۔

کچا مورو میں ڈاکوؤں کی کمین گاہوں پر راجن پور پولیس کی 3 نئی پولیس پکٹس قائم کردی گئیں۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ کچے کا 75 فیصد حصہ دہشت گردوں اور ڈاکوؤں سے کلیئر کروا لیا گیا ہے، سندھ کے کچے میں اب تک 7 ڈاکو ہلاک ہوچکے ہیں۔

علاوہ ازیں 13 ڈاکوؤں نے سرینڈر کیا ہے جبکہ 31 کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کچے کے علاقے سے 9 مغویوں کو بھی بازیاب کروایا گیا جبکہ کمین گاہوں سے بھاری اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے دستے 2 روز قبل جدید ہتھیاروں سے لیس بکتر بند گاڑیوں میں مورو کے کچے میں داخل ہوئے تھے، پولیس نے وقار عرف وقاری عمرانی، گورا عمرانی اور پٹ گینگز کی کمین گاہوں کا محاصرہ کرلیا تھا۔

مورچہ بند ڈاکوؤں نے پولیس کے خلاف مزاحمت کی اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔ بعد ازاں ڈاکو وقار یاسین نے 4 ساتھیوں سمیت سرینڈر کردیا۔

Comments

- Advertisement -