تازہ ترین

صدر، وزیراعظم و دیگر کا مفتی عبدالشکور کے انتقال پر اظہار افسوس

سینئر رہنما جمیعت علما اسلام اور وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے اسلام آباد میں ٹریفک حادثے میں انتقال پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف و دیگر نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر عارف علوی نے مفتی عبدالشکور کی ٹریفک حادثے میں وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کی بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ عارف علوی نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور صبر و جمیل کی دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مرحوم وفاقی وزیر کے اہل خانہ اور تمام وابستگان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے، وہ جمعیت علما اسلام کے متحرک اور نظریاتی رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وزیر مذہبی امور کے طور پر بڑی محنت، اخلاص اور ایمانداری سے فرائض انجام دیے، ان کی دینی، ملی، قومی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ پورے ملک کے لیے غم کی بات ہے، پوری قوم سے درخواست کرتی ہوں دعا کریں، یہ کسی ایک جماعت کا نقصان نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے صدمہ ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کو ہر جگہ دین اور عوام کے لیے خدمت کرتے دیکھا، وہ جس نشست پر بیٹھتے دین کا علم بانٹتے تھے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمیعت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مفتی عبدالشکور کی وفات جماعت، میری ذاتی زندگی اور علاقے کے لیے بڑا نقصان ہے، ان کی جماعتی، سماجی، تدریسی اور سیاسی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی حجاج کے لیے خدمت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دعا ہے اللہ مرحوم کی مغفرت اور درجات بلند فرمائے۔

Comments

- Advertisement -