تازہ ترین

ملتان یا اسلام آباد، کون بنے گا پی ایس ایل 9 کا چیمپئن، فیصلہ آج ہوگا

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 کا سب سے بڑا مقابلہ فائنل میچ آج ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ایک ماہ سے زائد عرصے تک شائقین کرکٹ کو اپنے سحر میں جکڑے رکھنے کے بعد پی ایس ایل 9 آج فائنل میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہو جائے گا۔ فائنل میچ رات 9 بجے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جہاں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ میدان میں ٹرافی جیتنے کا خواب لیے اتریں گی۔

پی ایس ایل 9 کی ٹرافی صرف ایک میچ دور ہے۔ فائنل میں کون کرے گا کس کو ڈھیر، مدمقابل آئیں گے رضوان کے سلطانز اور شاداب خان کے شیر۔

اسلام آباد یونائیٹڈ تیسری جب کہ ملتان سلطانز دوسری بار ٹرافی اٹھانے کے لیے پرجوش ہیں۔ فیصلہ کن میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں محمد رضوان اور شاداب خان کا پی ایس ایل کی چمچاتی ٹرافی ساتھ فوٹو شوٹ ہوا۔

فائنل سے پہلے دونوں ٹیموں نے اپنی اپنی تیاریوں کو فائنل ٹچ دیا اور میچ سے ایک روز قبل جم کر پریکٹس کی۔

پلےآف میں سلطانز نے زلمی سے لیگ راؤنڈ کی شکست کا حساب چکایا اور مسلسل چوتھی بار فائنل میں جگہ بنائی تو اسلام آباد نے ناک آؤٹ مرحلے میں کمال کرتے پوئے پہلے کوئٹہ گلیڈیئٹرز اور پھر پشاور زلمی کو آؤٹ کلاس کر کے چار سال بعد فائنل کا ٹکٹ کٹایا۔

پی ایس ایل کے تمام ایڈیشنز میں باہمی مقابلوں میں ملتان سلطانز کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے ہیں، ان میں سے 8 ملتان جب کہ 7 اسلام آباد نے جیت رکھے ہیں۔

رواں ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں نے باہمی دو میچز کھیلے اور ایک ایک میں کامیابی حاصل کی۔

ایونٹ میں ملتان کی ٹیم چھائی رہی، گروپ مرحلے میں 10 میں سے 7 میچ جیت کر ٹاپ کیا، ٹورنامنٹ میں اسلام آباد کی پُرفارمنس میں اتار چڑھاؤ رہا، شکستوں کے بعد شاندار کم بیک کر کے پلے آف میں جگہ بنائی اور ناک آؤٹ میچ میں پہلے گلیڈی ایٹرز پھر زلمی کا شکار کرکے اپنی دھاک بٹھائی۔

پی ایس ایل فائنل میچ رات 9 بجے پاکستان کے پہلے ایچ ڈی اسپورٹس چینل اے اسپورٹس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

Comments

- Advertisement -