تازہ ترین

’ملک ڈوب رہا ہے یہ لوگ اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں‘

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملک ڈوب رہا ہے یہ لوگ اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں، آپ لوگ اپنا نکتہ نظر پیش کریں ہم اپنا فیصلہ عوام کو کرنے دیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت ناکام ہوچکی ہے یہ لوگ ملک کو معاشی و سیاسی استحکام نہ دے سکے، آئی ایم ایف کی بہت سی شرائط انہوں نے مان لیں کچھ پوشیدہ رکھی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک بحرانی کیفیت پیدا ہوچکی ہے مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آچکا ہے جو قابو میں نہیں آرہا، بے روزگاری آئے روز بڑھ رہی ہے صنعت کا پہیہ رک چکا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 90 روز میں انتخابات کے نکتے کو تسلیم کیا گیا لیکن یہ لوگ اپنے نیب کیسز ختم کرنے کے لیے الیکشن کو ملتوی کرنا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ گورنر کے پی بھی آئینی ذمہ داری نبھاتے ہوئے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں، پی ٹی آئی کبھی بھی گفت و شنید سے نہیں گھبرائی ہم آج بھی گفتگو کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران پر حملہ کیا گیا لیکن انہوں نے صبر کا دامن ہاتھ سے جانے نہیں دیا وہ آج بھی ملک کو آزمائش سے نکالنے کے لیے فہم و فراست کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ابھی عمران خان سے ملاقات کرنے زمان پارک جارہا ہوں، عمران خان 70 کے قریب اضلاع میں عوام سے مخاطب ہوں گے۔

Comments

- Advertisement -