تازہ ترین

وزیر داخلہ کا جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا اعلان

ساہیوال: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر ساہیوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ اورغنڈہ گردی کی گئی ہے، اس غنڈہ گردی پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا عمران خان نے آج اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا ہے، قوم دیکھ رہی ہے کہ فتنے کو عدالتوں سے اسپیشل ٹریٹمنٹ دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی پیشی پر جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کے الزام میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری ہو گئے ہیں، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں درج کیا جائے گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد کو جوڈیشل کمپلیکس واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے، کیس میں عمران خان، مراد سعید، علی نواز اعوان سمیت 32 لوگوں کو نامزد کیا جائے گا۔

پولیس افسران نے آئی جی کو بریفنگ میں بتایا کہ سی سی ٹی وی توڑے گئے، اہل کاروں کو پیچھے دھکیلا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے رہنماؤں کو آج ہی گرفتار کیا جائے گا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا، احاطہ عدالت سے جن افراد نے دروازہ کھولنے میں معاونت کی ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، سی سی ٹی وی کیمروں سے شناخت عمل میں لائی جا رہی ہے، ہائیکورٹ و دیگر عدالتوں میں یہ عمل دہرایا گیا تو طاقت کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

Comments

- Advertisement -