تازہ ترین

’آئی ایم ایف کہتا ہے عمران خان نے وعدے پر عمل نہیں کیا، وزیر داخلہ

فیصل آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ مخالفین پروپیگنڈا کررہے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ ہوجائے لیکن حکومتی ٹیم ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کی کوشش کررہی ہے، آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے وعدے پر عمل نہیں کیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نوجوانوں کو گمراہ کررہا ہے یہ کہتا ہے مہنگائی ہوگئی ہے لیکن آئی ایم ایف کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے، آئی ایم ایف مختلف ٹیکس اور قیمتوں کی تعین کی بات کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا اور توڑ دیا وہ کہتا ہے عمران خان نے وعدے پر عمل نہیں کیا جبکہ دوست ممالک کہتے ہیں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرے پھر آپ کی مدد کریں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں ایسے فیصلے کریں گے کہ عوام پر کم از کم بوجھ پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے ڈیفالٹ ہونے کے پروپیگنڈے کی وجہ سے دنیا بھر میں بدنامی ہورہی ہے وزیراعظم کی قیادت میں معاشی ٹیم ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کے لیے دن رات محنت کررہی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایک شخص اپنی ذات کے علاوہ باقی کسی کا نہیں سوچتا، عمران خان کہتا ہے کہ مخالفین کے ساتھ نہیں بیٹھوں گا، کیا ایسے بیانات سے ملک چل سکتا ہے عمران خان پاگل پن کا شکار ہے جو اس طرح کی گفتگو کررہا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جس بندے کو پکڑا گیا اس کو پی ٹی آئی کے کارکن نے خود پکڑا تھا اگر حملہ کرنے والا موقع پر نہ پکڑا جاتا تو یہ لوگ اور کہانیاں بناتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان خان کو لانے اور تجربہ کرنے کی کیا ضرورت تھی نواز شریف کے دور میں ملک تیزی سے ترقی کررہا تھا اور پیٹرول کی قیمت 65 روپے لیٹر تھی اب مہنگائی عروج پر ہے۔

Comments

- Advertisement -