تازہ ترین

پاک بھارت کشیدگی، شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کا دورہ پاکستان منسوخ ہونے کا امکان

لندن : پاک بھارت کشیدگی کے باعث شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کا دورہ پاکستان منسوخ ہونے کا امکان ہے، دورہ پاکستان کا اعلان دو ماہ قبل کنگسٹن پیلس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی خصوسی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے سبب برطانوی شہزادے ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کا دورہ پاکستان منسوخ ہونے کا امکان ہے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی موجودہ کشیدہ صورتحال کی وجہ سے برطانوی دفتر خارجہ اور کامن ویلتھ دفتر کی جانب سے ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج کو پاکستان نہ جانے کی ہدایات دی جاسکتی ہیں۔

مزید پڑھیں : برطانوی شہزادہ ولیم اوران کی اہلیہ رواں سال خزاں میں پاکستان آئیں گے

واضح رہے کہ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کو رواں برس پاکستان آنا تھا، جس کا باقاعدہ اعلان دو ماہ قبل کنگسٹن پیلس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کیا گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج پاکستان کا دورہ دفترخارجہ کی دعوت پر کررہے ہیں۔

بعد ازاں برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا نے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کی جانب سے دورہ پاکستان ترتیب دیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا شاہی جوڑے کا دورہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات کی عکاسی کرے گا، پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی روابط ہیں جنہیں دونوں مزید مستحکم کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ 2006ء میں شہزادہ چارلس نے اپنی اہلیہ کمیلہ پارکر کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

Comments

- Advertisement -