تازہ ترین

امریکا نے روس کو انسانیت سوز جرائم کا مرتکب قرار دے دیا

واشنگٹن : روس یوکرین جنگ کے حوالے سے امریکا نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ روس یوکرین میں انسانیت سوز جرائم میں ملوث ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق  یہ بات امریکہ کی نائب صدر کاملا ہیرس نے جرمنی میں منعقدہ 59 ویں میونخ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ روس، یوکرین میں انسانیت سوز جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، امریکہ نے یوکرین میں، روس کے انسانی جرائم کا سرکاری سطح پر تعین کیا ہے اور روس کے انسانی جرائم کی تحقیق میں واشنگٹن یوکرین کی مدد کرے گا۔

کاملاہیرس نے کہا ہے کہ ایسے جرائم کا حکم دینے والے ذمہ داران سے حساب لیا جائے گا۔ معلوم یا گمنام ہلاک ہونے والے تمام افراد کے معاملے میں انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے پہلو پر ہم سب کو فکرمند ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا ہے کہ روس یوکرین کی شہری آبادی کے خلاف عام پھیلے ہوئے جرائم کا ذمہ دار ہے۔ ان جرائم میں قتل، جنسی زیادتی، تشدد اور جبری جلا وطنی شامل ہیں، اور جب تک ضرورت محسوس ہوگی امریکہ یوکرین کی مدد کرتا رہے گا۔

انہوں نے چین کے روس کے ساتھ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ کے بعد سے ماسکو کے بیجنگ کے ساتھ فروغ پاتے تعلقات پر ہمیں اندیشوں کا سامنا ہے۔

کاملا ہیرس نے چین سے روس کو اسلحے کی فراہمی نہ کرنے کی اپیل کی اور کہا ہے کہ اس معاملے میں بیجنگ کا کوئی بھی قدم قانونی بنیادوں پر استوار بین الاقوامی نظم وضبط کی مزید بیخ کنی کرے گا۔

Comments

- Advertisement -