تازہ ترین

سارہ شریف قتل کیس: بچی کا والد اور سوتیلی ماں لندن پہنچتے ہی گرفتار

لندن : سارہ شریف قتل کیس میں برطانوی پولیس نے بچی کے والد اور سوتیلی ماں کو لندن پہنچتے ہی گرفتار کرلیا ، گرفتار افراد گذشتہ روز پاکستان فرار ہوئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں قتل ہونےوالی دس سالہ بچی سارہ شریف کے والدین کو لندن میں گرفتار کرلیا گیا، پولیس حکام نے بتایا کہ والد عرفان ،سوتیلی ماں بینش اور چچا کوفیصل گیٹ وِک ایئرپورٹ سے شک کی بنیادپرگرفتارکیاگیا ہے۔

برطانوی پولیس نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سارہ شریف کے والد عرفان شریف، سوتیلی والدہ بینش اور چچا فیصل ملک کو برطانیہ میں لینڈ کرتے ہی گرفتار کرلیا ہے۔

گذشتہ روز گرفتارافراد پاکستان فرار ہوگئےتھے اور سیالکوٹ ائیرپورٹ سے براستہ دبئی برطانیہ پہنچےتھے۔

انٹرپول کی درخواست پر پنجاب پولیس گزشتہ ایک ماہ سےملزمان کو تلاش کررہی تھی اور ملزمان کی گرفتاری کےلیے چھ ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔

گذشتہ ہفتے سارہ کی سوتیلی ماں بینش بتول نے ایک ویڈیو جاری کیا تھا، جس میں کہا تھا کہ پولیس فیملی کو ہراساں کررہی ہے، خدشہ ہے کہ تشدد کرے مار دے گی ۔

یاد رہے پاکستان میں عرفان اور بینش کے پانچ بچے پولیس کی حفاظتی تحویل میں ہیں ۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق جہلم سے تعلق رکھنے والے عرفان شریف نے دوہزار نو میں برطانیہ میں پولش خاتون سے شادی کی تھی، جن سے ان کی ایک بیٹی اور بیٹے کی پیدائش ہوئی۔

عرفان شریف اپنی دوسری بیوی بینش بتول اور بچوں کے ساتھ سرے منتقل ہو گئے تھے، جس کے بعد سارہ شریف کی لاش دس اگست کوگھر سےملی تھی ، پوسٹمارٹم رپورٹ میں سارہ کے جسم پرزخموں کے نشانات پائے گئے تھے۔

Comments

- Advertisement -