اشتہار

جنگی بنیادوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری پر کام شروع کر دیا، سعودی عرب

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی عرب کا کہنا ہے کہ جنگی بنیادوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری پر کام شروع کر دیا ہے اور اس حوالے سے جلد ہی ایک وفد پاکستان کا دورہ بھی کرے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے مشیر شاہی دربار اور جنرل سیکرٹری سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں دونوں اطراف سے معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے غیر معمولی گرمجوشی کا اظہار جبکہ سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران سعودی سرمایہ کاری پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ مشیر شاہی دربار اور وفد نے سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

- Advertisement -

اس موقع پر جنرل سیکرٹری سعودی پاکستان سپریم کوارڈینیشن کونسل محمد بن مزیاد آل تویجری نے کہا کہ جنگی بنیادوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری پر کام شروع کر دیا ہے، سعودی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں پر مشتمل اہم وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

محمد بن مزیاد آل تویجری نے کہا کہ چاہتے ہیں پاک سعودی معاشی تعلقات ویژن 2030 کے تناظر میں آگے بڑھیں، سعودی ویژن 2030 کے تحت پاکستانی افرادی قوت کو تربیت فراہمی کیلیے ہر ممکن مدد کریں گے۔

انہوں نے نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ویژن 2030 کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا اور ملاقات میں ان کو سعودی حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، دونوں ممالک کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، ریاض وفد کے دورہ پاکستان کے دوران پیشرفت پر برق رفتاری سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں گورننس اسٹرکچر کو جدید بنانے کیلیے سعودی اصلاحاتی پالیسی سے مستفید ہونا چاہتے ہیں، سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر نمایاں پیشرفت ہوئی، پاکستانی عوام خادم الحرمین الشریفین سلمان بن عبدالعزیز کیلیے بے پناہ عزت و احترام رکھتے ہیں۔

وزیر اعظم نے پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں وزیر خارجہ، وفاقی وزیر خزانہ، وزیر پیٹرولیم، وزیر اطلاعات، وزیر توانائی، وزیر تجارت، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے۔

شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کیلیے سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں وہ ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے۔ عالمی اقتصادی فورم کا اجلاس 28 سے 29 اپریل تک ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں