تازہ ترین

محرم الحرام : ڈبل سواری پر پابندی کب سے کب تک ہوگی ؟ اہم خبر آگئی

لاہور : محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی، 10،9محرم کے دوران صوبے بھر میں ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ، محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے دفعہ 144 کانوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ دفعہ 144 کا نفاذ یکم سے 10محرم تک ہو گا اور 10،9محرم کے دوران صوبے بھر میں ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ متعلقہ اتھارٹی کے پرمٹ کے سوا کسی کو اوزار رکھنے ، عوامی احساسات مجروح کرنیوالے سلوگن یاپلےکارڈز لہرانے سمیت مذہبی یا فرقہ وارانہ منافرت کی کسی بھی میڈیا پر تشہیر پر پابندی عائد ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جلوسوں کے روٹ پر کسی قسم کے مورچے بنانے اور جلوسوں کے روٹس کے اطراف گھروں ،دکانوں کی چھتوں پرکھڑے ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

گذشتہ روز ملک میں محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا تھا، یکم محرم الحرام1445 ہجری 20 جولائی بروز جمعرات کو ہوگی اور یوم عاشور 10 محرم الحرام 29 جولائی بروز ہفتہ کو ہوگا۔

واضح رہے نیا اسلامی سال اور ماہ شروع ہوتے ہی ملک بھر میں شہدا کربلا کی یاد میں مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا جائے گا، وفاقی و صوبائی حکومتوں نے امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات بھی کیے۔

Comments

- Advertisement -