اشتہار

اردو کے مقبول مزاح نگار ڈاکٹر شفیق الرّحمٰن کی برسی

اشتہار

حیرت انگیز

شفیق الرّحمٰن پاکستانی مزاح نگاروں کی صفِ‌ اوّل میں شامل اور اپنے زمانے کے مقبول قلم کاروں میں سے ایک تھے۔ انھوں نے افسانے بھی لکھے اور اس صنفِ ادب میں بھی نام پیدا کیا، تاہم عام قارئین میں مزاح نگاری ہی ان کی پہچان ہے۔ آج شفیق الرحمٰن کا یومِ‌ وفات ہے۔ وہ 19 مارچ 2000ء کو اس دارِ فانی سے کوچ کرگئے تھے۔

شفیق الرّحمٰن 9 نومبر 1920ء کو کلا نور، ضلع روہتک میں پیدا ہوئے۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج، لاہور سے ایم بی بی ایس کرنے کے بعد برطانوی دور میں انڈین آرمی کے شعبہ طب سے وابستہ ہوئے۔ قیامِ پاکستان کے بعد پاک فوج کا حصّہ بنے اور میجر جنرل کے عہدے تک ترقّی پائی۔

وہ زمانۂ طالب علمی کے دوران ہی علم و ادب اور لکھنے لکھانے کا شغل اپنا چکے تھے اور رومانوی افسانوں‌ کے ساتھ مزاح نگاری کا سلسلہ شروع کر دیا تھا، ان کے اسی ذوق و شوق نے انھیں کنگ ایڈورڈ کالج، لاہور کے ادبی مجلّہ کی ادارت کرنے کا بھی موقع دیا۔ شفیق الرّحمٰن لڑکپن اور نوجوانی میں سیر و سیاحت، کھیلوں میں خوب دل چسپی لیتے تھے، اور فنونِ لطیفہ کے شائق تھے۔

- Advertisement -

اردو کے اس ممتاز مزاح نگار کی تحریروں کا مجموعہ شگوفے کے نام سے 1943ء میں پہلی مرتبہ شایع ہوا تھا۔ بعد میں ان کی کتب لہریں، مدوجزر، پرواز، حماقتیں، پچھتاوے، مزید حماقتیں، دجلہ، کرنیں اور دریچے کے نام سے شایع ہوئیں اور انھیں زبردست پذیرائی ملی۔ شفیق الرّحمٰن کی مقبولیت کا اندازہ مشتاق احمد یوسفی جیسے بڑے مزاح نگار کی اپنے ایک انٹرویو میں کہی گئی اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ ابتدا میں شفیق الرّحمٰن سے بہت متاثر تھے اور ان کے انداز میں لکھنے کی کوشش کرتے تھے۔

ان کا ایک ناولٹ اور افسانوں کے مجموعے کے علاوہ ترجمہ کردہ ناول بھی کتابی صورت میں سامنے آیا۔ شفیق الرّحمٰن نے ادب سے ہٹ کر بھی موضوعات پر لکھا ہے اور معاشیات اور صحّت و امراض سے متعلق ان کے مضامین کتابی صورت میں‌ شایع ہوئے ہیں۔

فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد انھوں نے 1980ء سے 1986ء تک اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی تھیں۔ حکومتِ پاکستان نے بعد از مرگ ان کے لیے ہلالِ امتیاز کا اعلان کیا تھا۔ وہ راولپنڈی کے فوجی قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں