تازہ ترین

فیفا ورلڈ کپ فائنل، ’’شاہ رخ خان کو آئی ماں کی یاد‘‘ کنگ خان نے ماضی سے پردہ اٹھایا

فیفا ورلڈ کپ کا فائنل دنیا بھر میں دیکھا گیا بالی ووڈ کنگ شاہ رخ کو فائنل دیکھتے ہوئے اپنی والدہ یاد آگئیں۔

ایک ماہ تک دنیا کو اپنی طرف متوجہ رکھنے والا قطر میں کھیلا گیا فیفا ورلڈ کپ 2022 ارجنٹینا کی جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ قطر میں کھیلے گیا یہ میگا ایونٹ میسی کے نام رہا اور ارجنٹائن نے دفاعی چیمپئن فرانس کو شکست دے کر 36 سال کے طویل عرصے بعد ورلڈ چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

اتوار کو ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے دنیا بھر میں شائقین فٹبال بڑے پرجوش تھے۔ جہاں دنیا بھر میں لاکھوں شائقین نے اس سنسنی خیز میچ کو دیکھا وہیں اس کو دیکھنے کے دنیا کی نامور شخصیات نے اپنی مصروفیات کو ترک کیا۔ ان ہی میں ایک نام بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان بھی ہیں جنہوں نے یہ سنسنی خیز فائنل دیکھنے کیلیے اپنی مصروفیات ترک کیں۔

تاہم شاہ رخ خان کو فائنل کے دوران اپنی مرحومہ والدہ کی یاد ستائی جن کی یادوں کو انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ بھی شیئر کیا۔

شاہ رخ خان نے فائنل کے بعد اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ہم ایسے وقت میں جی رہے ہیں جس میں اب تک کے بہترین ورلڈ کپ فائنلز میں سے ایک ہوا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے ماضی کے جھروکوں میں جھانکتے ہوئے اپنی ماں کو یاد کیا اور لکھا کہ ’’مجھے یاد ہے میں ایک چھوٹے سے ٹی وی پر اپنی ماں کے ساتھ ورلڈ کپ دیکھتا تھا اور اب اپنے بچوں کے ساتھ اسی جوش سے یہ ایونٹ دیکھا‘‘۔

اپنے اس جذباتی پیغام میں انہوں نے ٹیلنٹ، محنت اور خوابوں پر یقین دلانے کے لیے میسی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

 

واضح رہے کہ قطر کے شہر لوسیل کے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا فائنل مقررہ وقت میں میچ 2-2 سے جبکہ اضافی وقت میں 3-3 سے برابر ہوا تاہم میچ کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا۔ ارجنٹینا نے 2 کے مقابلے میں 4 گول سے کامیابی حاصل کی۔

Comments

- Advertisement -