تازہ ترین

دہشت گردوں کی پناہ گاہیں، شاہد خاقان نے امریکی الزام مسترد کردیا

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی پناہ گاہیں موجود نہیں کیونکہ ہم دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لارہے ہیں۔

غیر ملکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ’دہشت گرد پاکستان میں نہیں بلکہ افغانستان میں موجود ہیں اور وہ افغان سرزمین سے ہی پاکستان پر حملے کرتے ہیں‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے، ہم نے افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے اڈوں کی نشاندہی کردی ہے کیونکہ دہشت گردانہ کارروائیاں افغانستان سے کی جاتی ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ کی دھمکیوں کیخلاف لاہورہائیکورٹ بارمیں قرارداد پیش

شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لیے افغان حکومت کو طالبان سے مذاکرات کرنا ہوں گے۔

یاد رہے کہ امریکا کی جانب سے نئی افغان پالیسی کا اعلان کرنے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں اگر اُن کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تو امریکا خود کارروائی کرنے پر مجبور ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ بیان اور افغان پالیسی کے خلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور

ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ افغانستان میں ہماراساتھ دینے پر پاکستان کوفائدہ ہوگا، دوسری صورت میں اسے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا،  پاکستان اکثر ان افراد کو پناہ دیتا ہے، جو افراتفری پھیلاتے ہیں، پاکستان ہمارا اہم اتحادی ہے، پاکستان نےدہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھایا ہے۔


اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس  وال پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -