تازہ ترین

عمران خان کی جگہ ہوتا تو گرفتاری دے چکا ہوتا، شیخ رشید

لاہور : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے پرویزالہٰی کو پی ٹی آئی کا صدر بنانے پر کہا ہے کہ ان کو جنہوں نے صدر بنایا اس کی منطق کا ان ہی کو معلوم ہوگا، ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جگہ میں ہوتا تو خود گرفتاری دے چکا ہوتا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری ہو یا نہ وہ کوئی فرق نہیں پڑتا اگر وہ گرفتار ہوئے تو پارٹی کی کمان کون سنبھالے گا یہ فیصلہ پی ٹی آئی نے کرنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جگہ میں ہوتا تو اب تک خود گرفتاری دے چکا ہوتا اور ہو بھی سکتا ہے کہ میں گرفتار ہوجاؤں اور ماہ رمضان جیل میں ہی گزار دوں، میں جیل چلا گیا تو وہاں سے بھی الیکشن لڑ سکتا ہوں اور عمران خان جیل گئے تب بھی الیکشن وہی جیت جائیں گے۔

ق لیگ کے حوالے سے ایک سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ چوہدری شجاعت اور پرویزالہٰی الگ ہوں گے، چوہدری برادران کو الگ کرنے میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اہم کردار ادا کیا، وہ آصف زرداری کا فرنٹ مین ہے، سندھ سے پیسہ جمع کرتا ہے۔

حکمران اتحاد پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم تو ٹوٹ چکی ہے 10 ماہ میں ان کا کوئی اجلاس نہیں ہوا، سب جماعتیں اپنے نشانات پر الیکشن لڑیں گی، مولانا فضل الرحمان نے ساری پیدا گیری کی وزارتیں لی ہیں، انہوں نے ن لیگ کو گندا کردیا اور مریم نواز کو تقریروں پر لگادیا۔ الیکشن یہ لڑ نہیں سکتے اور کہہ رہے کہ سیکیورٹی نہیں ہے، عام انتخابات کرانے میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے،اصل مسئلہ صرف یہی ہے، الیکشن ون سائیڈڈ ہیں۔

پی ٹی آئی کارکن علی بلال عرف ظل شاہ کے قتل کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ ظل شاہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پر محسن نقوی جیل جائیں گے، یہ لوگ پریس کانفرنس کررہے کہ ظل شاہ کو ٹرک نے مار دیا تو عمران خان پر پرچہ کیو ں کیا گیا؟ ظل شاہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی بنیاد پر محسن نقوی گرفتار ہوگا۔

Comments

- Advertisement -