تازہ ترین

شیخ حسینہ واجد متنازع انتخابات میں مسلسل پانچویں بار کامیاب، شکیب الحسن بھی نشست جیت گئے

ڈھاکا: بنگلادیش میں اپوزیشن کی پکڑ دھکڑ اور گرفتاریوں کے بعد ہونے والے متنازع انتخابات میں شیخ حسینہ واجد مسلسل پانچویں بار کامیاب ہو گئیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حسینہ واجد حکومت کے تحت ہونے والے الیکشن میں 300 کے ایوان میں حکمراں عوامی لیگ نے 216 نشستیں حاصل کر لیں، جس سے شیخ حسینہ کی پانچویں بار وزیر اعظم بننے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

اتحادی جاتیہ پارٹی کو 11 سیٹوں پر کامیابی ملی، جب کہ 52 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہو گئے ہیں۔ بنگلادیش کے کئی شہروں میں ووٹنگ کے دوران سناٹا رہا، ووٹ ڈالنے کی شرح 1991 کے بعد سب سے کم رہی۔

روئٹرز کے مطابق بنگلادیش کے اکثرعوام نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کیا، چیف الیکشن کمشنر قاضی حبیب نے کہا ووٹ ڈالنے کی شرح 40 فی صد رہی، واضح رہے کہ اس سے قبل سیکریٹری الیکشن کمیشن جہانگیر عالم نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا تھا کہ ووٹنگ ختم ہونے سے ایک گھنٹے قبل یعنی 3 بجے تک ووٹ ڈالنے کی شرح 27 فی صد رہی۔

2018 میں ووٹ ڈالنے کی شرح سب سے زیادہ 80 فی صد تھی، پی این پی کا کہنا ہے کہ حکمراں جماعت نے ڈمی آزاد امیدوار کھڑے کیے تاکہ انتخابات کو قابل اعتبار بنایا جا سکے۔

بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن نے بھی اپنی نشست جیت لی ہے، واضح رہے کہ نگراں حکومت کے تحت انتخابات نہ کرانے پر اپوزیشن نے بائیکاٹ کیا تھا۔

Comments

- Advertisement -