عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے امریکی صدر جو بائیڈن کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کا اصل نشانہ ہمارا ایٹمی پروگرام ہے۔
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستان سے متعلق شر انگیز بیان پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹڑ پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ جوبائیڈن کے بیان نے پاکستان میں تبدیلی کی وجہ بتا دی ہے، امریکا کا اصل نشانہ پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام ہے اور ہماری معاشی سیاسی اقتصادی تباہی اسکی ابتدا ہے، کرپٹ سیاست دانوں کو مسلط کرنا پہلا قدم اور ملک میں عدم اعتماد، خانہ جنگی، تفرقہ بازی کرانا دوسرا قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت رہے نہ رہے انکے ایجنٹ مسلط رہنے چاہئیں، اب قوم فیصلہ کرے کہ غیرت سے جینا ہے یا غلام بن کر رہنا ہے۔
سینیئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ روایتی اسلحے سے بھارت کا مقابلہ نہیں کرسکتے، ایٹمی ٹیکنالوجی ہی ملکی سالمیت کی ضامن ہے لیکن جن کے پیسے اور جائیدادیں باہر ملکوں میں ہیں، ان کو ایٹمی ٹیکنالوجی کی پروا نہیں۔
جوبائیڈن کے بیان نے پاکستان میں تبدیلی کی وجہ بتا دی ہے۔جنکے پیسے اور جائیدادیں انکےملکوں میں ہیں،انکوایٹمی ٹیکنالوجی کی پرواہ نہیں۔ہم روایتی اسلحے میں ہندوستان کا مقابلہ نہیں کر سکتےاس لیےایٹمی ٹیکنالوجی ہی پاکستان کی سالمیت کی ضامن ہے۔کل2بجےلال حویلی میں اہم پریس کانفرنس کرونگا
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) October 15, 2022
شیخ رشید نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ کل دوپہر دو بجے لال حویلی میں اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدرجوبائیڈن نے ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی میں خطاب کرتے ہوئے چین سے متعلق سوال پر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
بائیڈن نے کہا ہے ک پاکستان کا ایٹمی پروگرام بے ترتیب ہے اور وہ دنیا کے خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے۔