تازہ ترین

شعیب اختر نے کس ٹیم کو ورلڈ کپ میں سب سے بڑا خطرہ قرار دیا؟

سابق قومی فاسٹ بولر شعیب اختر نے ایشیا کپ میں بھارت کی شاندار فتح کے بعد بھارت کو ورلڈ کپ میں تمام ٹیموں کے لیے سب سے بڑٓا خطرہ قرار دیا ہے۔

راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے اپنے یو ٹیوب چینل پر کہا کہ ایشیا کپ سے قبل میں ورلڈ کپ میں بھارت کو انڈر ڈاگ سمجھ رہا تھا لیکن ایشیا کپ میں اس کی کارکردگی سے مجھے رائے بدلنے پر مجبور کر دیا میں نے سوچا بھی نہ تھا کہ بھارت فائنل میں سری لنکا کو اس طرح سے شکست دے گا۔

سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ ایشیا کپ میں بھارت نے یادگار فتح حاصل کر کے ورلڈ کپ میں اپنی دبنگ انٹڑی کا اعلان کر دیا ہے جو صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دیگر کئی ٹیموں کے لیے بھی خطرہ ہو سکتی ہے۔

شعیب اختر نے فائنل میں شاندار کارکردگی پر محمد سراج کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ چھ وکٹیں لے کر انہوں نے سری لنکا کی بیٹنگ لائن تباہ کی اور اپنی ٹیم کو آٹھویں بار ایشین چیمپئن بنایا۔ نوجوان بولر اپنی اس کارکردگی کی بدولت بھرپور اعتماد کے ساتھ ورلڈ کپ میں جائیں گے۔

انہوں نے بھارتی کپتان روہت شرما کی کپتانی اور بروقت فیصلوں کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ٹیم منیجمنٹ کے ساتھ مل کر اچھے فیصلے کر رہے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ان کا قیادت کا تجربہ بڑھ رہا ہے۔ روہت کی قیادت میں بھارتی ٹیم کا مستقبل روشن نظر آ رہا ہے۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ میں بھارت نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو دس وکٹوں سے شکست دے کر آٹھویں بار ایشیا کپ جیتا۔ محمد سراج میچ کے ہیرو رہے جنہوں ںے ایک اوور میں چار سری لنکن بلے بازوں کو پویلین بھیجا اور میچ میں 21 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ بھارت ورلڈ کپ سے قبل 22 ستمبر سے آسٹریلیا کے ہمراہ تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کی میزبانی کر رہا ہے۔

Comments

- Advertisement -