تازہ ترین

سہراب گوٹھ میں معمولات زندگی مکمل طور پر بحال

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ہنگامہ آرائی کے بعد آج معمولات زندگی مکمل طور پر بحال ہوگئے، پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری سہراب گوٹھ پر تعینات ہے اور حساس مقامات پر پولیس کمانڈوز بھی موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں کئی روز تک ہنگامہ آرائی اور حالات کی کشیدگی کے بعد آج کاروبار زندگی مکمل طور پر بحال ہوگیا، علاقے کے تمام تجارتی مراکز کھلے ہیں اور ٹریفک بھی رواں دواں ہے۔

پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری سہراب گوٹھ پر تعینات ہے اور حساس مقامات پر پولیس کمانڈوز بھی موجود ہیں۔

خیال رہے کہ حیدر آباد کے ایک ہوٹل میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے بلال کاکا نامی شخص کے قتل کے بعد سندھ بھر میں حالات کشیدہ ہیں اور لسانی فسادات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں بھی دو روز قبل ہنگامہ آرائی کی گئی، شرپسندوں کی فائرنگ سے 4 راہگیر زخمی ہوئے جن میں سے 2 زخمی دوران علاج اسپتال میں جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ شرپسندوں نے سرکاری ہتھیار اور ایمونیشن لوٹے، ایک سرکاری افسر کا نائن ایم ایم پستول اور موبائل بھی چھین لیا گیا۔ ملزمان نے پولیس سے چھینے گئے ہتھیاروں سے فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کی۔

پولیس نے 2 روز کے اندر ہنگامہ آرائی میں ملوث 40 سے زائد افراد کو پکڑا ہے جبکہ 4 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔

Comments

- Advertisement -