تازہ ترین

پنجاب میں آٹے کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سینکڑوں مقدمات درج

لاہور : وزیر خوراک پنجاب حسنین بہادر دریشک نے کہا ہے کہ صوبے میں آٹے کی فراہمی کے لیے ٹریکنگ پوائنٹس میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے، اب تک ذخیرہ اندوزوں کے خلاف 700 ایف آئی آر درج کی جاچکی ہیں۔

یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ روزانہ 23ہزار میٹرک ٹن آٹا ٹریکنگ پوائنٹس پر مہیا کررہے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ فلور ملز کو گندم 2300 روپے فی من کے حساب سے فراہم کر رہے ہیں، جہاں ذخیرہ اندوزی کی شکایت ملے گی وہاں سخت کارروائی کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ برائلر مرغی کی قیمت میں اضافے کی وجہ سویا بین کی عدم فراہمی ہے، سویابین سے بھرے کنٹینر کراچی پورٹ پر کئی دن سے کھڑے ہیں۔

یاد رہے کہ ادارہ شماریات کی گزشتہ ہفتے کی رپورٹ کے مطابق دسمبر کے آخری ہفتے میں آٹے کی قیمت میں تقریباً تین فیصد (2.81 فیصد) تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کا مطلب یہ ہے کہ رواں ہفتے میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں کم از کم 200 روپے تک کا اضافہ ہو چکا ہے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف صوبوں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بھی یکساں نہیں ہے، اگر مارکیٹ ریٹ کی بات کی جائے تو صوبہ خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمت دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ ہے اور یہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2600 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔

خیبرپختونخوا میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی سرکاری قیمت اگرچہ لگ بھگ مارکیٹ ریٹ سے نصف ہے تاہم عوام کی طویل قطاروں اور سرکاری آٹے کی محدود مقدار میں دستیابی کے باعث اس کا حصول لگ بھگ ناممکن ہے۔

Comments

- Advertisement -