تازہ ترین

بالی ووڈ کی طویل دورانیے کی کامیاب ترین فلمیں

بالی ووڈ بھی دنیا بھر کی طرح بنیادی طور پر تین قسم کی فلمیں بناتا ہے، ایک فلم وہ ہوتی ہے جو اگر چہ کم دورانیے کی ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود ہم اسے دیکھ ہی نہیں پاتے، اسے دیکھنا ہمارے لیے ناقابل برداشت ہوتا ہے، دوسری وہ جسے ہم بس ایک بار ہی دیکھتے ہیں تاہم فلم کی تیسری قسم وہ ہے جو ہمیشہ کے لیے ہمارے دلوں میں جگہ بنانے کے لیے کامیاب ہوجاتی ہے۔

اس طرح کی لازوال فلموں کا دورانیہ کتنا ہی کیوں نہ ہو، ہم اسے بار بار دیکھنے سے نہیں تھکتے ہیں، اگرچہ وہ فلمیں  دوبارہ سینیما میں نہیں لگتی لیکن جب بھی آپ اس فلم کو دیکھتے ہیں آپ بور نہیں ہوتے۔

اسی طرح دنیا بھر میں فلموں کی کامیابی کا پیمانہ ان کے بزنس سے جانچا جاتا ہے، بالی ووڈ میں بھی فلموں کی کامیابی ناپنے کے لیے یہی فارمولا رائج ہے تاہم آج کے ملٹی پلیکسز سینما دور میں فلموں کی ریلیز کے ابتدائی دنوں کا بزنس ہی طے کردیتا ہے کہ فلم کامیاب ہوگی یا فلاپ۔

یہاں بالی ووڈ کی ان کامیاب ترین فلموں کے تذکرہ کیا جارہا ہے جس کا دورانیہ طویل ہے لیکن اس نے باکس آفس پر راج کیا ہے۔

لگان

2001 میں ریلیز ہونے والی فلم لگان کو بالی ووڈ کی بہترین اور یادگار فلموں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس فلم میں عامر خان کا کردار ’بھون‘ آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں زندہ ہے، اس فلم کا دورانیہ 3 گھنٹے 44 منٹ ہے، فلم ریلیز ہوئی تو ’لگان‘ نے نہ صرف باکس آفس پر کمائی کی بلکہ اسے آسکر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا، اس فلم نے دنیا بھر سے 58 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔

جودھا اکبر

جودھا اکبر 2008 میں ریلیز ہونے والی ایک بھارتی تاریخی رومانوی فلم ہے، جس کی ہدایتکاری آوشوش گواریکر نے کی ہے۔ اس فلم میں ہریتک روشن اور ایشوریا رائے نے مرکزی کردارادا کیے ہیں، اس فلم کا دورانیہ 3 گھنٹے 34 منٹ کا تھا۔

یہ فلم مغل شہنشاہ جلال الدین محمد اکبر اور راجپورت شہزادی جودھا بائی کی رومانی کہانی پر بنایا گیا تھا، جس میں  ہریتک روشن اور ایشوریا رائے نے مزکزی کردار ادا کیا۔ اس فلم کی موسیقی کمپوزر اے آر رحمان نے تیار کی ہے، اس فلم کی چھاپ آج تک شائقین کے دلوں میں چھپی ہوئی ہے، فلم نے باکس آفس پر 107 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔

کبھی خوشی کبھی غم

کبھی خوشی کبھی غم، جسے” کے تھری جی” بھی کہا جاتا ہے، 2001 کی ایک بھارتی فلم ہے جس کی ہدایتکاری کرن جوہر نے کی  اور  یش جوہر نے اسے پروڈیوس کیا۔ اس فلم میں بالی وڈ کے بڑے نام امیتابھ بچن، جیا بچن، شاہ رخ خان، کاجول، ہریتک روشن، رانی مکھر جی اور کرینہ کپور شامل ہیں، اس فلم کا دورانیہ 3 گھنٹے 30 منٹ ہے، 2003 میں یہ جرمنی کے تھیٹر میں ریلیز ہونے والی پہلی بھارتی فلم بھی کہلائی جاتی ہے، فلم نے بھارتی باکس آفس پر 1 ارب 36 کروڑ کا بزنس کیا۔

سوادیس

2004 میں ریلیز ہونے والی فلم سوادیس کا شمار ’کلٹ کلاسک‘ فلموں میں ہوتا ہے جنھیں اپنے وقت پر تو پریزائی نہ مل سکی، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اس فلم کو بہت پسند کیا جانے لگا، اس فلم دورانیہ 3 گھنٹے 30 منٹ ہے، اس فلم میں شاہ رخ خان نے مرکزی کردار ادا کیا۔

شعلے

15 اگست 1975 کو رمیش سپی کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’’شعلے‘‘ کو بھارت کی سب سے بڑی بلاک بسٹر فلم کا درجہ حاصل ہے۔ آج بھی اس فلم کے ڈائیلاگ زبان زدِ خاص و عام ہیں، بچوں و بڑوں میں یکساں مقبول یہ فلم کئی سال تک سینما گھروں کی زینت بنی رہی، فلم کے مرکزی کرداروں میں امیتابھ بچن، دھرمیندرا، سنجیوکمار، ہیما مالنی، جیا بہادری اور امجد خان شامل ہیں، اس فلم کا دورانیہ 3 گھنٹے 24 منٹ ہے، اس فلم نے باکس آفس میں 350 ملین کا بزنس کیا۔

دل والے دلہنیا لے جائیں گے

ادیتیہ چوپڑا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے نمائش کے اعتبار سے بالی ووڈ کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلم ہے۔ یہ فلم 20 اکتوبر 1995 کو ریلیز کی گئی، فلم کے مرکزی کردار شاہ رخ خان اور کاجول نے ادا کئے ہیں، اس فلم کا دورانیہ 3 گھنٹے 1 منٹ ہے، فلم نے باکس آفس پر 2 ارب روپے سے زائد کا بزنس کیا۔

اینیمل

بالی وڈ اسٹار رنبیر کپور کی یکم دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’اینیمل‘ کو اس سال کی کامیاب ترین فلم قرار دیا جا رہا ہے، اس فلم کو ’اے‘ سرٹیفیکیٹ دیا گیا ہے یعنی یہ صرف بالغوں کے دیکھنے لائق ہے۔

برٹش بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن نے بھی اسے صرف بالغوں کے دیکھے جانے والی فلم قرار دیا ہے کیونکہ بورڈ کے مطابق ہدایتکار سندیپ ریڈی وانگا کی فلم اینیمل میں گھریلو تشدد کے کئی مناظر ہیں جن میں مرد خواتین کو مارتے ہیں، ان کی تذلیل کرتے ہیں، زبردستی کرتے ہیں۔

 تاہم اس فلم نے اب تک دنیا بھر میں 500 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا ہے، اس فلم کا دورانیہ بھی اس سال ریلیز ہونے والی بلاک باسٹر فلم سے زیادہ ہے، اینیمل کا دورانیہ 3 گھنٹے 21 منٹ ہے، اس فلم میں بالی وڈ کے سینئر اداکار بوبی دیول کی واپسی بھی ہوئی، ان کے کردار نے بالی وڈ میں تہلکہ مچا رکھا ہے، جبکہ انیل کپور، اداکارہ رشمیکا بھی فلم کا حصہ ہیں۔

Comments

- Advertisement -