تازہ ترین

شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کا ذکر کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی آبدیدہ

اسلام آباد : سینیٹ کے نئے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی اپنے پہلے خطاب میں شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور بینظیر بھٹو کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے نئے بلامقابلہ منتخب چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ابتدائی کلمات کہے۔

ایوان کے اراکین سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے میں تمام سینیٹرز کو عید کی مبارکباد دیتا ہوں اور ان تمام اتحادیوں کوشکر گزار ہوں جنہوں نے میری حمایت کی۔

اس موقع پر شہید ذوالفقار علی بھٹو اوربینظیر بھٹو کا ذکر کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی آبدیدہ ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کا عہدہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ بننے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، پی پی قیادت، ن لیگ، ایم کیوایم سمیت تمام اتحادیوں کا شکرگزار ہوں کہ تمام سیاسی جماعتوں نے مجھ سے بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ میں پورے ہاؤس کا چیئرمین بن کر تمام اتحادیوں کی امیدوں پر پورا اتروں گا، سینیٹ کے ایوان اور ممبران کے تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے شہید ذوالفقار بھٹو کے جوڈیشل مرڈر کا اعتراف کیا، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کی نفی کی۔

یوسف گیلانی کے چیئرمین سینیٹ بننے کے بعد پی پی اراکین نے ایوان میں جئے بھٹو کے پُرجوش انداز میں نعرے لگائے جبکہ پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین سینیٹ ایوان سے باہر چلے گئے۔

Comments

- Advertisement -