تازہ ترین

شاہی قلعے کا بے مثال ’’اکبری حمام‘‘ سیاحوں کیلیے کھول دیا گیا

مغل دور حکومت کی یادگار لاہور کے شاہی قلعے میں موجود ’’اکبری حمام‘‘ کو تزئین و آرائش کے بعد اس کو سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

برصغیر پاک وہند میں مغل دور حکومت 400 سال سے زائد عرصے پر محیط ہے۔ مغل دور حکومت میں جہاں اقتدار کی رسہ کشی جاری رہی وہیں مغل حکمرانوں نے متحدہ ہندوستان میں کئی ناقابل فراموش تعمیرات بھی کرائیں جو آج صدیاں گزرنے کے باوجود پوری آب وتاب کے ساتھ موجود ہیں۔

اگر آگرہ میں تاج محل اور لال قلعہ مغلوں کے دور کی حسین یاد ہے تو لاہور میں شاہی قلعہ بھی پوری آب وتاب کے ساتھ موجود ہے۔

شاہی قلعہ بہت سی یادگاروں کا مجموعہ ہے اور ہر یادگار اپنی مثال آپ ہے۔ قلعہ کے عقب میں واقع اکبری محل کا حصہ رہنے والا یہ حمام اکبری حمام بھی کہلاتا ہے۔ حمام دیکھنے میں انتہائی سادہ مگر اس کے درو دیوار اپنے اندرمختلف ادوار کی تاریخ سموئے ہوئے ہیں، اس کے اندر تین حمام، کئی مہرابیں اور دیواروں پر روشنی کے لیے لیے جگہ جگہ طاق بنائے گئے ہیں۔

اکبری حمام 2019 میں دریافت ہوا اور اس کی بحالی کا کام 2021 میں مکمل ہوا، جسے اب عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ حمام کی تعمیر میں سرخ پتھر، کنکر چونے کا پلاستر استعمال کیا گیا تھا۔

اکبری حمام کے اندر پانی اور بھاپ کے لیے مناسب راستے بنائے گئے تھے جبکہ اسکی سجاوٹ بھی انتہائی سادہ تھی۔

حمام کے عقب میں ایک سرنگ اسے قلعے کے جہانگیری حصے سے ملاتی ہے لیکن یہ سرنگ آگے کہاں تک جاتی ہے؟ اس کا تاحال سراغ نہیں لگایا جاسکا۔

سیاحوں کا کہنا ہے کہ اکبری حمام میں کیے گئے کام کی نفاست اور سادگی لوگوں کو اپنی طرف مائل کرتی ہے۔

Comments

- Advertisement -