تازہ ترین

پاکستان کی کُل آبادی کتنی ہوگئی؟ اعداد و شمار جاری

اسلام آباد : ملک میں7ویں مردم شماری کے تحت اب تک کی آبادی کے اعداد و شمار جاری کردیئے گئے ہیں، قومی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی آبادی 24 کروڑ سے تجاوز کرگئی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ شماریات نے ملک کی ٹوٹل آبادی کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کر دیئے جس کے تحت پاکستان کی آبادی 24 کروڑ 18 لاکھ31 ہزار19 ہوگئی ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اب تک بلوچستان میں2کروڑ 3لاکھ94ہزار327 افراد کا شمار ہو چکا ہے جبکہ کوئٹہ میں23 لاکھ3 ہزار329 افراد کی گنتی ہوچکی ہے۔

اس سے قبل ڈائریکٹر ادارہ شماریات سندھ منور علی گھانگرو نے ساتویں ڈیجیٹل مردی شماری کے اعداد و شمار جاری کیے تھے جن کے مطابق سندھ کی آبادی میں 64 لاکھ 63 ہزار کا اضافہ ہوچکا اور صوبے کی آبادی 5 کروڑ 43 لاکھ 18 ہزارتک پہنچ گئی ہے۔

ڈائریکٹر ادارہ شماریات نے بتایا کہ کراچی کی آبادی میں اب تک 14 لاکھ افراد کا اضافہ ہوچکا ہے اور شہرقائد کی آبادی ایک کروڑ 74 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 2022میں پاکستان کی کُل آبادی 22 کروڑ 4 لاکھ 25 ہزار 254 تھی۔ اس میں سے مردوں کی تعداد 11 کروڑ 16 لاکھ 93 ہزار 464 جبکہ خواتین کی 10 کروڑ 87 لاکھ 31 ہزار 790 ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس سے قبل سال 2017 میں پاکستان کی آبادی اس وقت کی مردم شماری کے مطابق 20 کروڑ 76 لاکھ سے زائد تھی، ایک رپورٹ کے مطابق سال 2023 کے آخر تک دنیا بھر کی ٹوٹل آبادی ساڑھے 8 ارب ہونے کا امکان ہے۔

Comments

- Advertisement -