تازہ ترین

وادئ کمراٹ، مالم جبہ، کالام، گلیات، کاغان ناران ویلی میں سیاحوں کا رش

پشاور/مانسہرہ: عیدالاضحیٰ کے تین دنوں میں صوبہ خیبر پختون خوا کے مشہور سیاحتی مقامات وادئ کمراٹ، مالم جبہ، کالام، گلیات، کاغان ناران ویلی میں سیاحوں کا رش لگا رہا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے سیاحوں سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے، عید کے 3 دنوں میں لاکھوں سیاحوں نے مختلف تفریحی مقامات کی سیر کی۔

رپورٹ کے مطابق صرف عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن، یکم جولائی کو مختلف مقامات پر ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد سیاحوں نے رخ کیا، وادئ کمراٹ میں 24 ہزار 852 سیاح سیر و تفریح کے لیے گئے، مالم جبہ 9 ہزار 753، گلیات میں 22 ہزار 715 سیاح آئے، کالام اور گرم چشمہ میں 4 ہزار339 سیاح سیر و تفریح کے لیے گئے، 46 ہزار سے زائد سیاحوں نے ناران کاغان کا رخ کیا، اور 56 غیر ملکی سیاحوں نے بھی مختلف سیاحتی مقامات کا دورہ کیا۔

ترجمان گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مطابق عید کے 3 دنوں میں 2 لاکھ سے زائد سیاحوں نے گلیات کا سفر کیا، اس دوران 53 ہزار گاڑیاں گلیات میں داخل ہوئیں، اور اسٹاف عید کے دوران بھی 24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور رہا۔

ڈپٹی کمشنر نے کاغان ناران ویلی میں بھی سیاحوں کی آمد کے اعداد و شمار جاری کر دیے، ڈپٹی کمشنر راؤ بلال شاہد کے مطابق عید کے 3 دنوں میں 91 ہزار سیاحوں نے کاغان ناران کا رخ کیا، 22500 گاڑیاں، 7710 موٹر سائیکلیں کاغان نارن میں داخل ہوئیں۔

ڈی سی کے مطابق سیاحوں کی رہنمائی کے لیے پولیس، ضلعی انتظامیہ، اور کے ڈی اے کی اضافی نفری تعینات کی گئی، چلاس انتظامیہ سے مشاورت کے بعد بابوسر ٹاپ روڈ کو 24 گھنٹے کھولا گیا، رواں برس عید کے موقع پر ریکارڈ سیاحوں نے کاغان ناران کا رخ کیا۔

Comments

- Advertisement -