تازہ ترین

اشنا شاہ نے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرلی

کراچی: حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکارہ اشنا شاہ نے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرلی۔

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے شادی کی تقریب کی تصاویر وائرل کرنے والے فوٹو گرافرز کو معاف کرتے ہوئے سوشل میڈیا سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔

انسٹاگرام اسٹوری میں اداکارہ نے لکھا کہ ’میں اپنی شادی شدہ زندگی کا سفر اس احساس کے ساتھ شروع نہیں کرسکتی کہ میری وجہ سے کسی کی بدنامی ہو، مجھے کوئی حق نہیں پہنچتا کہ میں اس طرح کسی کو آن لائن بے عزت کروں پھر چاہے انہوں نے مجھے کتنا ہی دکھ دیا ہو اس لیے میں فوٹو گرافر سے معافی مانگتی ہوں۔

انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے بھی معافی مانگی اور کہا کہ مجھے میرے شادی کے جوڑے کے انتخاب کے لئے معاف کر دیں اور اس چیز کے لئے بھی کہ میں نے اپنی چیز کو اپنے تک رکھنا چاہا۔

اشناہ شاہ نے کہا کہ میں نے تمام کمنٹس پڑھے لیکن یقین جاننے میرا اپنی ثقافت کو نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، میری وجہ سے کسی کو بھی کوئی تکلیف ہوئی ہو تو مجھے معاف کردیں۔

اداکارہ نے اپنے مداحوں کے پیار اور دعاؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سوشل میڈیا کو دو دھاری تلوار قرار دیا اور کہا کہ ذہنی سکون کی خاطر اس سے کچھ عرصے کے لئے کنارہ کشی اختیار کررہی ہوں، اب کچھ وقت شوہر حمزہ امین اور اپنے سسرالیوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ushna shah

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ مجھے احساس ہے کہ آن لائن ٹرولنگ کس طرح ذہنی تناؤ کا باعث بنتی ہے اس لئے نہیں چاہتی کہ کوئی اور بھی ان سب سے گزرے۔

اشنا شاہ نے کہا کہ میں بس اپنی شادی اپنے تک رکھنا چاہتی تھی اور اپنے انداز میں سوشل میڈیا پر شیئر کرنا چاہتی تھی لیکن جس انداز میں میری تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اس نے بہت دکھ پہنچایا اسی لیے میں نے ایسا رویہ اختیار کیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ اشنا شاہ اور گالفر حمزہ امین رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔

یاد رہے کہ اداکارہ اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’حبس‘ میں ’عائشہ‘ کا مرکزی کردار نبھایا تھا جس کی دیگر کاسٹ میں فیروز خان، اسرا غزل، جاوید شیخ، دانیہ انور، جینیس ٹیسا، عمران اسلم، صبا فیصل ودیگر شامل تھے۔

Comments

- Advertisement -