تازہ ترین

رحیم یارخان : کمسن ملازمہ پر بہیمانہ تشدد کرنے والی مالکن گرفتار

رحیم یارخان میں کمسن گھریلو ملازمہ پرتشدد کا واقعے کا آئی جی پنجاب عثمان انور نے سختی سے نوٹس لیا جس کے بعد پولیس نے تشدد میں ملوث ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق رحیم یارخان میں چوری کا الزام لگا کر مالکن نے کم عمر ملازمہ پر بہیمانہ تشدد کرکے شدید زخمی کردیا۔

بچی کے والدین نے الزام عائد کیا کہ 10سالہ مہرین پر بہیمانہ تشدد کے بعد اس کے بازو کو استری سے جلایا گیا، بچی کو لوہے کےراڈ کے ذریعے ٹانگوں اور جسم پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بہیمانہ تشدد سے زخمی ہونے والی 10سالہ ملازمہ مہرین کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی بچی کی آنکھ ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔

ذرائع کے مطابق بچی کے والد نے ملزمان کی طرف سے دھمکانے پر درخواست واپس لے لی
والدین کا کہنا ہے کہ بااثر ملزمان نے زبردستی صلح نامہ لکھوا کر بچی واپس دی، انہوں نے اپیل کی کہ ڈی پی او رحیم یارخان بچی کو انصاف فراہم کریں۔

بعد ازاں آئی جی پنجاب عثمان انور نے نوٹس لیتے ہوئے آرپی او بہاولپور کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد ڈی پی او رحیم یارخان نے مالکن اور شوہر کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے بچی پر تشدد میں ملوث ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔

ڈی پی او رحیم یار خان نے میڈیا کو بتایا کہ مالکن نے چوری کاالزام لگا کر کمسن گھریلو ملازمہ کو تشدد کانشانہ بنایا۔

Comments

- Advertisement -