تازہ ترین

حارث رؤف کرکٹر بننے سے قبل کیا کرتے تھے؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر حارث رؤف کو آج دنیا بھر کے شائقین کرکٹ جانتے ہیں لیکن کیا آپ یہ جانتے ہیں کہ وہ کرکٹر بننے سے قبل کیا کرتے تھے؟

حارث رؤف جو پاکستان کرکٹ ٹیم کی بولنگ لائن اپ کے اہم بولر تصور کیے جاتے ہیں اور اپنی انفرادی کارکردگی کی بدولت قومی ٹیم کو کئی میچ جتوا چکے ہیں۔ وہ کرکٹر بننے سے پہلے کیا کرتے تھے اور اس مقام تک پہنچنے کے لیے انہیں کیا کیا پاپڑ بیلنے پڑے اس کا انکشاف خود انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے ماضی سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ وہ کرکٹ ٹیم میں شمولیت سے قبل سیلز مین کی نوکری بھی کرتے رہے ہیں۔

حارث رؤف نے بتایا کہ کرکٹ کھیلنے کا شوق تو انہیں بچپن سے ہی تھا لیکن تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے لیے انہوں نے پارٹ ٹائم سیلز مین کی نوکری بھی کی تھی جہاں سے انہیں یومیہ 250 روپے ملتے تھے اور اس سے وہ اپنی کالج کی فیس ادا کرتے تھے۔

قومی فاسٹ بولر نے بچپن کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گلی محلوں میں كرکٹ کھیلنے کے ساتھ ساتھ کالج کے اسپورٹس پروگرام میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے جب کہ میرے والد کرکٹ کھیلنے سے بالکل بھی خوش نہیں تھے بلکہ وہ چاہتے تھے کہ میں پڑھ لکھ لوں تاکہ میرا مسقبل بہتر ہوسکے۔

واضح رہے کہ کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھتے ہی چّھا جانے والے حارث رؤف نے اپنے ڈومیسٹک کرکٹ کیریئر کا آغاز انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی کرکٹ ٹیم اسلام آباد سے کیا تھا۔ انہوں نے بعد ازاں اپنی صلاحیتوں کا اظہار لاہور قلندرز میں کیا اور اسے دو بار پی ایس ایل چیمپئن بنانے میں اپنا کردار بھی ادا کیا۔

حارث رؤف پاکستان ٹیم اور پی ایس ایل کے علاوہ دنیا کی مختلف لیگز میں ٹیموں کی نمائندگی کرکے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔

حارث رؤف نے بگ بیش میں کے دوسرے ہی میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرکے دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ 8 جنوری 2020 کو سڈنی تھنڈر ٹیم کے خلاف بھی ہیٹ ٹرک کی اور وہ بگ بیش میں ہیٹ کرنے والے پہلے پاکستانی اور میلبورن اسٹارز کے پہلے باؤلر بنے۔

Comments

- Advertisement -