تازہ ترین

ورلڈ کپ 2023 کی سب سے منفرد بات کیا ہوگی؟

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 رواں برس اکتوبر نومبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا اس عالمی کپ کی سب سے منفرد بات یہ ہوگی کہ تمام ٹیموں کے کپتان پہلی بار عالمی کپ میں اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کریں گے۔

آئی سی سی کے تحت 13 واں ایک روزہ ون ڈے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 2023 رواں برس اکتوبر تا نومبر بھارت میں کھیلا جائے گا۔ اس میں جو سب سے منفرد اور انوکھی بات سامنے آ رہی ہے کہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں (علاوہ 1975 کا ورلڈ کپ کہ وہ ٹورنامنٹ پہلی بار کھیلا گیا تھا) پہلی بار کسی عالمی کپ میں شریک تمام ٹیموں کے کپتان پہلی بار اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

گزشتہ ورلڈ کپ 2019 میں انگلینڈ میں کھیلا گیا تھا اس ورلڈ کپ میں جن کھلاڑیوں نے اپنی ٹیموں کی کپتانی کی تھی ان میں سے اس وقت کوئی بھی اپنی ٹیم کی قیادت نہیں کر رہا ہے۔

2019 کے ورلڈ کپ کا ٹیموں کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کے سپرد تھی جب کہ اب بابر اعظم گرین شرٹس کے کپتان ہیں۔ اسی طرح بھارت نے ویرات کوہلی کی قیادت میں ورلڈ کپ کھیلا تھا۔ رواں برس روہت شرما ٹیم کی کمان سنبھالے ہوئے ہیں۔

انگلینڈ نے گزشتہ ورلڈ کپ اوئن مورگن کی قیادت میں جیتا تھا تاہم اس بار جوز بٹلر کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔ آسٹریلیا ٹیم نے گزشتہ ورلڈ میں ایرون فنچ کی کپتانی میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جب کہ اس مرتبہ فاسٹ بولر پیٹ کمنز میگا ایونٹ میں کینگروز کو میدان میں اتاریں گے۔

گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم نیوزی لینڈ کی بات کی جائے اس میں ان کی کپتانی کین ولیمسن نے کی تھی۔ تاہم ولیمسن بھارت میں جاری آئی پی ایل کے پہلے میچ میں ہی شدید زخمی ہوکر نہ صرف ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں بلکہ گھٹنے کا آپریشن ہونے کے بعد انہیں مکمل بحالی میں 9 ماہ کا عرصہ درکار ہوگا اس لیے قوی امکان ہے کہ ان کی جگہ کیوی ٹیم کی قیادت کوئی اور کھلاڑی انجام دے گا۔

اس وقت ولیمسن کی جگہ ٹام لیتھم ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور کیوی ٹیم کا ورلڈ کپ بھی ان ہی کی کپتانی میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔

گزشتہ میگا ایونٹ میں بنگلہ دیش کی ٹیم کی کمان مشرفی مرتضیٰ کے سپرد تھی اس بار یہ بوجھ تمیم اقبال اٹھائیں گے۔ اسی طرح 2019 کے ورلڈ کپ میں افغان ٹیم کی کپتانی آل راؤنڈر گل بدین نائب نے کی تھی لیکن اس مرتبہ ون ڈے کرکٹ کے عالمی کپ میں افغانستان کی کمان حشمت اللہ شاہدی کی پاس ہوگی۔

رواں سال شیڈول کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے میزبان انڈیا سمیت دفاعی چیمپیئن انگلینڈ، پاکستان، نیوزی لینڈ، افغانستان، بنگلہ دیش، آسٹریلیا نے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ سری لنکا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز سمیت بقیہ ٹیموں کی قسمت کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔

اگر سری لنکا اور ویسٹ انڈیز میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرتے ہیں تو ان کی کپتانی بالترتیب داسن شناکا اور شائے ہوپ کریں گے جبکہ پچھلے ورلڈ کپ میں دیموتھ کرونارتنے اور جیسن ہولڈر اپنی اپنی ٹیم کے کپتان تھے۔

جنوبی افریقہ کے ورلڈ کپ میں رسائی کے امکانات روشن ہیں تاہم اگر آئر لینڈ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کے تمام میچز جیت کر آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کے ٹیبل میں منفی 0.382 سے بہتر کر کے منفی 0.076 کر لیتا ہے تو جنوبی افریقہ کو بھی کوالیفائنگ راؤنڈ کھلینا پڑے گا۔

واضح رہے رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ 18 جون سے 9 جولائی تک زمبابوے میں کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں میزبان زمبابوے کے علاوہ سری لنکا، ویسٹ انڈیز، نیدرلینڈز، نیپال، عمان، سکاٹ لینڈ، امریکہ، یو اے ای اور آئر لینڈ یا جنوبی افریقہ میں سے کوئی ایک ٹیم حصہ لے گی۔ ایونٹ میں پہلی ٹاپ دو ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی۔

Comments

- Advertisement -