تازہ ترین

خصوصی عدالت میں غداری کیس کی سماعت آج پھر ہوگی

پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت آج پھر ہوگی، ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم پر خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے اسپتال میں داخلے کے سرٹیفیکیٹ پیش کردیئے جائیں گے، میڈیکل رپورٹ بیرون ملک سے آنے کے بعد پیش کی جائے گی۔

اس سے قبل خصوصی عدالت میں غداری کیس کی چوتھی سماعت میں بھی پرویز مشرف بیماری کے باعث پیش نہ ہوئے تو خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو ایک دن کا اور استثنیٰ دیا تھا، جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کو پرویزمشرف کے وکیل نے بتایا کہ ان کے موکل بیمار ہیں پیش نہیں ہوسکتے۔

انورمنصور کا کہنا تھا کہ مقدمہ اخلاقی جرم سے متعلق نہیں، آئین کے حوالے سے ہے اس میں ملزم کو گرفتار نہیں کیا جاسکتا، جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ خصوصی عدالت کے طریقہ کار پر فوجداری قانون کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں پہلے اس بات کا فیصلہ کریں گے۔

وکیل استغاثہ اکرم شیخ نے دلائل میں کہا کہ خصوصی عدالت طے شدہ اختیارات سے تجاوز کرسکتی ہے نہ اس عدالت پرعام عدالتوں کی طرح قوانین کا اطلاق ہوتا ہے۔
   

Comments

- Advertisement -