کراچی: گلگت ایئر پورٹ پر طیارے میں آگ لگ گئی، تاہم یہ ایک فرضی مشق تھی جس میں ریسکیو ٹیموں نے کامیابی سے اپنے ہدف کو مکمل کیا۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے گلگت ایئر پورٹ پر کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے فل اسکیل مشق کا انعقاد کیا گیا۔
اس مشق میں سی اے اے کے شعبہ فائر، ایئر سائیڈ، اور اے ایس ایف سمیت مختلف ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔
فرضی مشق میں گلگت ایئر پورٹ پر طیارے میں لگی آگ بجھائی گئی، ہنگامی صورت حال کے دوران مسافروں کو ریسکیو کر نے کی عملے کی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا گیا، اور کوئیک رسپانس میں عملے نے اپنے ہدف کو بروقت مکمل کیا۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ فل اسکیل مشقوں کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورت حال اور ایمرجنسی کی صورت میں ایئر پورٹ پر موجود متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو جانچنا اور مزید فعال بنانا تھا۔
گلگت ایئر پورٹ مینجر محسن احمد غوری نے بتایا کہ بین الاقوامی شہری ہوا بازی کے قوانین کے مطابق ایئر پورٹ پر ہنگامی مشقوں سے سول ایوی ایشن اور متعلقہ اداروں کے معیار کو مؤثر بنانا ہے۔