کراچی :لیاری کے علاقے بھیم پورہ میں زیر زمین ملنے والے اسلحے کے فرانزک میں اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ اسلحہ کتنا پرانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقے لیاری بھیم پورہ کی عمارت سے زیر زمین ملنے والے اسلحے کا فرانزک مکمل کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممنوعہ بور کے ناکارہ اسلحے کے فرانزک میں اہم بات سامنے نہ آسکی اور فرانزک کے ذریعے بھی پتہ نہ چل سکا کہ اسلحہ کتنا پرانا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فارنزک جانچ میں یہ بھی نہ معلوم ہوسکا کہ اسلحہ دبائے کتنا عرصہ ہوا تھا جبکہ اس بات کا بھی تعین نہ کیا جاسکا کہ ملنے والے اسلحہ کون کون سے بور کا تھا۔
یاد رہے 15 جنوری کو کراچی کے علاقے نیپئر سے ملنے والا اسلحہ آٹھ دس سال نہیں، تیس سال پرانا نکلا تھا ، پولیس حکام نے بتایا تھا کہ بیشتر ہتھیاروں کے ماڈل نمبر تک مٹ چکے، برآمد اسلحہ 1990 کے بعد کسی نے استعمال نہیں کیا۔
حکام کے مطابق برآمد ہتھیاروں میں ایسا اسلحہ بھی ملا جو اسی کی دہائی میں استعمال ہوتا تھا، کھدائی سے ایک سواسی سے زائد اسٹین گن اور اڑسٹھ ریوالور ملے، جن میں کوئی ٹی ٹی پسٹل شامل نہیں۔