اتوار, جنوری 26, 2025
اشتہار

ٹریفک جام کے دوران شہریوں کو لوٹنے والے اسٹریٹ کرمنلز گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے سرسید ٹاؤن میں پولیس نے 4 اسٹریٹ کرمنل گرفتار کرلیے، ملزمان ٹریفک جام کے دوران شہریوں کو لوٹ کر فرار ہوجاتے تھے۔

تفصیلات کے مطابق سرسید ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے 8 رکنی اسٹریٹ کرمنل گینگ کے 4 کارندے گرفتار کرلیے۔

گرفتار ملزمان میں نوید، ساگر عباسی، آصف اور رضا عباس شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے 10 موبائل فون، 4 پستولیں، 8 راؤنڈ، پرس اور موٹر سائیکل برآمد ہوئیں۔

- Advertisement -

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان قیوم آباد اور سرجانی ٹاؤن کے رہائشی ہیں اور قیوم آباد سے سرجانی کے روٹ پر وارداتیں کرتے ہیں۔

ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ بلوچ کالونی پل، حسن اسکوائر برِج، لیاقت آباد برج اور ناگن چورنگی برِج پر ٹریفک جام کے دوران شہریوں کو لوٹ کر فرار ہوجاتے تھے۔

ملزمان کا 8 رکنی گروہ ہے جس کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔

ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ موٹر سائیکلوں پر سوار چائے کے ہوٹلوں پر بیٹھے ہوئے شہریوں کو بھی لوٹتے تھے۔

گینگ کے بقیہ ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی جاری ہے اور انہیں بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کی سرسید پولیس سے ایک ہفتہ قبل بھی مڈ بھیڑ ہوئی تھی جس پر ملزمان پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں