برازیلیا: برازیل کے ایک سنیما میں عالمی سطح پر انتہائی مقبول ہونے والی فلم باربی دیکھتے ہوئے دو ماؤں میں زبردست ہاتھا پائی ہو گئی، جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم باربی کی ریلیز کے بعد سے سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ مچا ہوا ہے اور میمز کا ایک طوفان آیا ہوا ہے، لیکن اس درمیان ایک چونکا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے جس نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی۔
یہ ویڈیو برازیل کے ایک فلم تھیٹر کی ہے، جہاں بے انتہا مقبول فلم باربی کی اسکریننگ کے موقع پر دو ماؤں کے درمیان ایک زبردست تصادم ہوا، معلوم ہوا کہ ایک لاپروا خاتون نے مبینہ طور پر اپنے بچے کو پوری فلم کے دوران یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے دیا، جس کی وجہ سے آس پاس لوگ سکون سے فلم نہ دیکھ سکے۔
یہ ویڈیو ٹک ٹاک صارف صوفیہ فریرا نے شیئر کی، کلپ میں ایک گلابی لباس والی خاتون کو دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ دوسری خاتون پر اپنے غصے کا اظہار کر رہی ہے، دونوں میں تناؤ تیزی سے بڑھا، اور نوبت یہاں تک پہنچی کہ یوٹیوب دیکھنے والے بچے کی ماں نے گلابی لباس خاتون کو دھکا دے دیا جس سے وہ تھیٹر کی نشستوں پر گر پڑی۔
A fight broke out in the screening of #Barbie in Brazil, reportedly because a woman brought her kid and let them watch YouTube during the movie.
pic.twitter.com/Ed41xdQs9x— ADDI ™ (@AdamMaina_) July 25, 2023
غصے کا اظہار کرنے والی خاتون نے اٹھ کر جوابی کارروائی کی اور جوتا اتار کر بچے کی ماں پر حملہ کر دیا، جس سے ایک افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا، تاہم ایک آدمی نے مداخلت کی اور انھیں الگ کر لیا۔
اس ویڈیو کو ٹویٹر پر 5.8 ملین سے زیادہ لوگوں نے دیکھا، جسے دیکھ کر ناظرین حیران اور پریشان رہ گئے، صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اگر بچہ فلم نہیں دیکھنا چاہتا تو خاتون کو اسے کہیں اور لے جانا چاہیے تھا، بعض صارفین نے اس پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ وہاں موجود دیگر افراد نے مداخلت نہیں کی۔