بنگلہ دیشی ٹیم کے اوپنر بیٹر تمیم اقبال نے ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے پر خاموشی توڑ دی۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان گزشتہ روز کیا تھا۔
ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کی قیادت شکیب الحسن کریں گے جبکہ اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں مشفیق الرحیم، لٹن داس، نجم الحسین شنٹو، توحید ہردوئی، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، مستفیض الرحمٰن، حسن محمود، شوریف الاسلام، نسم احمد، مہدی حسن، تنزید تمیم، تنظیم ثاقب اور محمود اللّٰہ شامل ہیں۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ اگلے ماہ اکتوبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہو گا۔
بنگلا دیش ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔
Introducing the men in Green and Red for the World Cup. 🇧🇩🏏#BCB | #Cricket | #CWC23 pic.twitter.com/dVy9s4FijA
— Bangladesh Cricket (@BCBtigers) September 26, 2023
تاہم تمیم اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے فٹ ہیں، واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے چیف سلیکٹر نے کہا تھا کہ تمیم کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کی وجہ ان کی کمر کی انجری ہے۔
تمیم اقبال نے کہا کہ بورڈ آفیشلز کے عہدیدار نے انہیں بتایا تھا کہ کمر کی انجری کے خدشات کے باوجود وہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک میچ میں بیٹنگ کے بعد بی سی بی کے ایک عہدیدار ہمارے ساتھ شامل تھے انہوں نے مجھے بتایا کہ آپ ورلڈ کپ میں جارہے ہیں اسی لیے آپ افغانستان کے خلاف پہلا میچ نہیں کھیلیں گے۔
تمیم اقبال نے کہا کہ ان کے یہ کہنے پر میں حیران رہ گیا پھر مجھے نچلے نمبر پر بیٹنگ کرنے کی پیشکش کی، میں نے کیریئر میں کبھی تین، چار یا پانچ نمبر پر بیٹنگ نہیں کی میں لوئر آرڈر میں کیسے بیٹنگ کرستکا ہوں۔
اوپنر بیٹر کے مطابق میں نے ان سے کہا کہ اگر یہی منصوبہ ہے تو مجھے ان چیزوں سے دور رکھیں، مجھے ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں بھیجیں۔
علاوہ ازیں بنگلا دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ تمیم اقبال کو شکیب الحسن کے کہنے پر اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شکیب الحسن نے ان فٹ کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی صورت میں کپتانی چھوڑنے کی دھمکی دی تھی۔