ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ امیشا پٹیل نے اسٹارز شاہ رخ خان، سلمان خان اور سنجے دت کی سُپرہٹ فلموں میں کام کرنے سے انکار کی اہم وجہ بتا دی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امیشا پٹیل بڑے عرصے بعد حال ہی میں اداکار سنی دیول کے ساتھ ’غدر 2‘ میں مرکزی کردار نبھاتے ہوئے نظر آئیں۔ فلم نے باکس آفس پر زبردست کمائی کی۔
امیشا پٹیل سے حالیہ انٹرویو میں پوچھا گیا کہ آپ نے فلمی کیریئر کی کن فلموں میں کام سے انکار کیا اور کیا آپ کو اپنے فیصلے پر افسوس ہے؟
اس پر امیشا پٹیل نے کہا کہ ایسی بہت سی فلمیں تھیں جن میں چاہتے ہوئے بھی کام نہ کر سکی لیکن مجھے بالکل بھی افسوس نہیں ہے کیونکہ میں نے کچھ کمنٹمنٹس کے باعث انکار کیا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ مجھے شاہ رخ خان کی فلم ’چلتے چلتے‘، سلمان خان کی ’تیرے نام‘ اور سنجے دت کی ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ میں مرکزی کردار کی آفر ہوئی تھی۔ ’بالی وڈ میں ایک ہی امیشا ہے اور وہ ہر جگہ ایک ہی وقت میں کیسے کام کر سکتی تھی۔‘
امیشا پٹیل اور اداکار ہریتک روشن نے فلم ’کہو نا پیار ہے‘ سے اپنے فلمیں کیریئر کا آغاز کیا۔ بعدازاں امیشا پٹیل متعدد فلموں میں مرکزی کردار نبھاتے ہوئے نظر آئیں اور حال ہی میں وہ ’غدر 2‘ میں جلوہ گر ہوئیں۔