نجی نیوز چینل سے تعلق رکھنے والی اینکر پرسن شفا یوسفزئی کے اسلام آباد میں گھر پر دو مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حملے کے وقت شفا یوسفزئی گھر پر نہیں تھیں، مسلح افراد نے ملازمین کو مارا پیٹا اور ہراساں بھی کیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق کیپیٹل پولیس کے افسران اینکر پرسن شفا یوسفزئی کے گھر پر موجود ہیں، ان کی سکیورٹی کا مناسب بندوبست کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ شفا یوسفزئی بخیر و عافیت ہیں، پولیس وقوعہ کی تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہی ہے، وقوعہ کی تہہ تک پہنچنے کے لیے تمام ذرائع سے تحقیقات کی جائیں گی۔
اینکر پرسن شفاء یوسفزئی کے گھر مسلح افراد کے داخلے کا معاملہ۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے افسران شفاء یوسفزئی کے گھر موجود ہیں۔
تا حکم ثانی شفاء یوسفزئی کی سکیورٹی کا مناسب بندوبست کردیا گیا ہے۔⬇️
— Islamabad Police (@ICT_Police) December 20, 2022
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دو مسلح افراد نے گھر میں واردات کی کوشش کی، واردات کے وقت شفا یوسفزئی اور ان کے والدین گھر پر موجود نہیں تھے، گھر پر ملازم نے مسلح افراد سے مزاحمت کی مسلح افراد دروازہ کھولنے میں ناکامی پر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس متعلق تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، پولیس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کر رہی ہے۔
بعد ازاں آئی جی آپریشنز نے ایس پی سٹی کے ہمراہ شفا یوسفزئی کے گھر کا دورہ کیا۔
خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں سینئر صحافی ایاز امیر پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا۔ ایاز امیر لاہور میں نجی نیوز چینل پر شو کر کے جا رہے تھے کہ راستے میں انہیں نامعلوم افراد نے روک کر تشدد کیا اور صحافی کا موبائل فون اور پرس بھی ساتھ لے گئے تھے۔