واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بنا لیا ہے۔
بی بی سی کے مطابق سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے امریکی حکومت کے بیش تر آلات پر ایپس پر پابندی کے باوجود صدر جو بائیڈن چین کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر مہم میں شامل ہو گئے ہیں۔
امریکی صدر کی رواں برس ہونے والے صدارتی الیکشن کی انتخابی مہم اب ٹک ٹاک پر بھی شروع کر دی گئی ہے، صدارتی انتخابات کی مہم میں نوجوان ووٹرز کو متوجہ کرنے کے لیے بائیڈن کی انتخابی مہم چلانے والوں نے ’بائیڈن ایچ کیو‘ (@bidenhq) کے نام سے اکاؤنٹ بنایا ہے۔
ٹک ٹاک پر اس مہم کا آغاز قابل ذکر اس لیے ہے کیوں کہ ماضی میں صدر جو بائیڈن خود اس پلیٹ فارم کے بارے میں قومی سلامتی کے خدشات کا اظہار کر چکے ہیں، 2022 میں امریکی صدر نے وفاقی حکومت کے 40 لاکھ ملازمین کی سرکاری ڈیوائسز پر ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔
امریکی صدر بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم کو گالی دے دی
امریکی قانون سازوں نے متفقہ طور پر امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے، اس خدشے کے پیش نظر کہ بیجنگ حکومت صارفین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکتی ہے۔ اس کے باوجود ٹک ٹاک امریکی نوجوانوں میں بہت مقبول ہے، اسی نوجوان آبادی کو مد نظر رکھ کر وائٹ ہاؤس نے نومبر میں ہونے والے انتخابات کے لیے ٹک ٹاک کا استعمال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
معاونین نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ جو بائیڈن کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ صدر خود نہیں چلائیں گے بلکہ ان کی انتخابی مہم کی ٹیم چلائے گی۔ اس اکاؤنٹ پر لانچ ویڈیو بھی اپ لوڈ کی گئی ہے جس میں بائیڈن سے دل چسپ سوالات پوچھے گئے ہیں۔
امریکی صدر سے امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی ’’سپر باؤل سازشی تھیوری‘‘ کے بارے میں سوال کیا گیا، جس میں کچھ لوگوں نے دعویٰ کیا تھا کہ سپر باؤل کی ٹیم ’’کنساس سٹی چیفس‘‘ کے اسٹار کھلاڑی ٹریوس کیلس کے ساتھ گلوکارہ کا تعلق تھا، جس کی مدد سے ٹیلر سوئفٹ نے نہ صرف NFL کی چیمپئن شپ گیم میں دھاندلی کی بلکہ جو بائیڈن کو اس نومبر میں دوبارہ منتخب کروانے میں بھی مدد کی۔
سوال کے جواب میں امریکی صدر نے مذاق میں کہا ’’اگر میں نے آپ کو سازش کے بارے میں بتایا تو میں مصیبت میں پڑ جاؤں گا۔‘‘