کراچی : چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ جن سینٹرزمیں کل پرچے نہیں لئے جاسکے وہ پرچے دوبارہ ہوں گے ،تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں گزشتہ روز ہونیوالا پرچہ منسوخ نہیں کیا جارہا، جن سینٹرز میں کل پرچے نہیں لئے جاسکے وہ پرچے دوبارہ ہوں گے۔
چیئرمین میٹرک بورڈ کا کہنا تھا کہ نویں اور دسویں کے امتحانات ختم ہونے کے بعد پرچے کی تاریخ کااعلان کیا جائے گا، پرچہ بروقت نہیں پہنچ پایا تو طلبا کا نقصان نہیں ہونے دیں گے۔
سید شرف علی شاہ نے کہا کہ جن سینٹرز سے متعلق اطلاعات ہیں ان کی تحقیقات کریں گے ، انتظامی بے ضابطگیوں کی وجہ سے پرچہ لیک ہوا،سی سی اوز کے آرڈر کینسل کرکے اب سپرنٹنڈنٹ کی ڈیوٹی لگائی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پرچہ امتحانی سینٹر پر تاخیر سے پہنچنے کی تحقیقات کے لئےکمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز میٹرک کے امتحانات کے پہلے روز کئی امتحانی مراکز پر پیپر نہ پہچ سکا تھا ، جس کے باعث بچوں کیساتھ آئے والدین کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بعد ازاں بورڈ انتظامیہ نے 10ویں جماعت کا پیپر لیک ہونے کی بھی تحقیقات کا اعلان کیا جبکہ چیئرمین میٹرک بورڈشرف علی شاہ نے کہا تھا پرچہ تاخیرسے پہنچنے کے ذمہ دارسینٹر کے سپرنٹنڈنٹ ہیں۔