اسلام آباد / کراچی : ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے تین ڈگری نیچے چلا گیا، موسم کا حال بتانے والوں نے کراچی میں بارش کی پیشگوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سردی رنگ جمانے لگی، بالائی علاقوں میں کڑاکے دار سردی نے ڈیرہ جما لیا، بلوچستان میں بھی جاڑا عروج پر ہے۔
محکمہ موسمیات نے کوئٹہ اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ بالائی علاقوں میں سرد ہوا اور گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں پہاڑوں پر برف جمی ہے۔
شمالی علاقوں اسکردو اور استور میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے تین ڈگری نیچے چلا گیا ہے، برفیلی ہواؤں سے شہریوں کی قلفی جمنے لگی۔
بلوچستان ميں بھی سردی دھوم مچانے لگی۔ قلات ميں سرد موسم نے پارہ منفی دو سينٹی گريڈ پر پہنچا دیا ہے۔ شدید سردی وادی کوئٹہ کا درجہ حرارت منفی ایک پر لے آئی ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ کے موسم کا اثر کراچی پربھی ہونے لگا۔ کراچی میں بھی ٹھنڈی ہواؤں کا گشت جاری ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اگلے دو سے تین روز کے دوران شہر قائد کا مجموعی درجہ حرارت بڑھنے کاامکان ہے۔
تاہم جمعہ 15 نومبر کو کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوسکتی ہے اور بارش کے بعد درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی اور سردی کی دوسری لہر کئی روز تک جاری رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی آج درجہ حرارت اٹھارہ ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں درجہ حرارت بارہ۔ لاہور اور پشاور میں چودہ ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔