اتوار, مارچ 30, 2025
اشتہار

اسلام آباد میں بھی مختلف مقامات پر فائرنگ، ماحول پرامن نہیں رہ سکا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی مختلف مقامات پر فائرنگ ہوئی ہے، جس سے ایک شخص جاں بحق جب کہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کا ماحول بھی شہریوں کے لیے پُر امن نہیں رہ سکا ہے، آئے دن فائرنگ اور دیگر وارداتوں کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، آج بھی اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین تھری میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

رپورٹس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ہوٹل میں لوٹ مار کی کوشش کی، اس دوران مزاحمت پر ہوٹل کا باروچی سینے پر گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ دوسری طرف اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں واقع ہوٹل میں جھگڑا ہونے پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا، پولیس کا کہنا تھا کہ زخمی کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جب کہ جھگڑا بل کے تنازع پر ہوا تھا، فائرنگ کرنے والا ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔

تازہ ترین:  کراچی میں جرائم، قاتلانہ حملوں اور تشدد کے واقعات بڑھنے لگے

گزشتہ روز بھی اسلام آباد میں تھانہ شمس کالونی کے علاقے میں گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی جس میں ایک شخص زخمی ہوا، پولیس کے مطابق گاڑی پر فائرنگ کرنے والے ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

گزشتہ ماہ بھی قتل کا ایک واقعہ مشہور ہو گیا تھا، اسلام آباد کے علاقے تھانہ کراچی کمپنی کی حدود میں فائرنگ سے نوجوان لاریب حسن جاں بحق ہو گیا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوان کسی لڑکی کے ساتھ بینچ پر بیٹھا تھا، نا معلوم افراد نے اسے گولی مار دی، مقتول کراچی کا رہایشی تھا۔

ادھر ضلع گجرات کی تحصیل سرائے عالمگیر میں بھی گزشتہ روز چیئرمین مصالحتی کمیٹی کے بھائی اور بھتیجے پر فائرنگ کی گئی تھی جس سے چیئرمین مصالحتی کمیٹی کا بھائی جاں بحق اور بھتیجا زخمی ہو گیا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ راضی نامہ نہ کرانے پر چیئرمین مصالحتی کمیٹی کے بھائی اور بھتیجے پر فائرنگ کی گئی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں