کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی میں ایک گھر میں ڈکیتی کے دوران لڑکی سے اجتماعی زیادتی کا گھناؤنا جرم کرنے والے ڈاکوؤں کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، جس میں وہ موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کر رہے ہیں، یہ دونوں ڈاکو گزشتہ روز پولیس اہل کاروں کی گولیاں کا نشانہ بن چکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کو دوران ڈکیتی اجتماعی زیادتی کرنے والے ڈاکوؤں کی بلال کالونی میں کی جانے والی واردات کی فوٹیج موصول ہوئی ہے، پولیس حکام کے مطابق سرجانی میں دوران ڈکیتی لڑکی سے اجتماعی زیادتی کرنے والے ملزمان عادی مجرم تھے، اور یہ گزشتہ روز پولیس مقابلے میں مارے گئے ہیں۔
دونوں ڈاکوؤں کی شناخت بھی ہو گئی ہے، ایک کی شناخت پیر بخش ولد نتھو خان اور دوسرے کی محمد جاوید ولد شریف محمد کے ناموں سے ہوئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ڈاکوؤں نے 13 فروری 2022 کو تھانہ بلال کالونی کے علاقے میں ایک شہری فیصل سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھینی تھی، اور فرار ہو گئے تھے، اس واردات کا مقدمہ تھانہ بلال کالونی میں درج ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پولیس مقابلہ تھانہ سرجانی کے علاقے بھینس کالونی سیکٹر 14 اور 15 کے قریب ہوا تھا، دو افراد کچے کے راستے سے جا رہے تھے کہ مشتبہ جان کر پولیس اہل کاروں نے انھیں روکا، جس پر انھوں نے فائرنگ شروع کر دی اور پہاڑی کی جانب فرار ہو گئے، تاہم اہل کاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک موقع ہی پر جب کہ دوسرا بعد میں مر گیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں سے 2 غیر قانونی پستول، مع گولیوں، چلے ہوئے خول، چھینا گیا موبائل فون اور 125 موٹر سائیکل برآمد ہوئی تھی، یہ وہی موٹر سائیکل تھی جو انھوں نے بلال کالونی میں چھینی تھی، جس کی ایف آئی ار تھانہ اقبال مارکیٹ میں درج ہے، موٹر سائیکل شہری فیصل سے اسلحہ کے زور پر چھینی گئی تھی۔
ایس ایس پی ویسٹ سہائے عزیز کے مطابق ڈکیت عادی جرائم پیشہ تھے، اور ایک ڈاکو پیر بخش سنگین نوعیت کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔