ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ ملائکہ اروڑا خوفناک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئیں۔ اداکارہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
”ہندوستان ٹائمز“ کی رپورٹ کے مطابق ملائکہ اروڑا ایک تقریب میں شرکت کے بعد پونے سے ممبئی واپس آ رہی تھیں کہ ان کی اور دیگر دو کاریں آپس میں ٹکرا گئیں۔
کھوپولی پولیس کے مطابق اداکارہ کو علاج کے لیے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔ حادثہ کیسے ہوا، اس متعلق پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں جب کہ اس کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔
تھانہ کھوپولی کے پولیس انسپکٹر کا کہنا ہے کہ کار حادثہ ممبئی پونے ایکسپریس وے پر 38 کلو میٹر کے فاصلے پر پیش آیا، تین گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں اور تینوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
انسپکٹر نے کہا کہ ملائکہ اروڑا کے علاوہ باقی دو گاڑی موقع سے فرار ہوگئیں، حادثے میں تمام افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی کار دونوں گاڑی کے درمیان کچل گئی، ہمیں تینوں کاروں کے رجسٹریشن نمبر مل گئے ہیں اور اب ہم مالکان سے رابطہ کریں گے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ اصل میں کیا ہوا تھا۔
ملائکہ اروڑا کی بہن اداکارہ امریتا اروڑا نے حادثے کی تصدیق کر دی۔ انہوں نے میڈیا کو ان کی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملائکہ کی حالت اب پہلے سے کافی بہتر ہے تاہم انہیں کچھ وقت کے لیے ڈاکٹرز کی زیرِ نگرانی ہی رکھا جائے گا۔