لاہور: مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو اقامہ کیس پر نکالا گیا جس کی وجہ سے آج تک ملک ترقی نہیں کر سکا۔
تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ مشرف دور میں میرے والد کو جیل میں رکھا گیا تو والدہ نے باہر قدم رکھا جبکہ میرے لیے بھی یہ راستہ آسان نہیں تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ میں پانچ پانچ ماہ ڈیتھ سیل میں گزار کر آئی ہوں، 200 کے قریب پیشیاں بھگت کر آپ کے سامنے کھڑی ہوں، میرے والد کے سامنے مجھے کوٹ لکھ پت سے گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میں اور میرے والد انتقال پر یقین نہیں رکھتے لیکن جس جس نے نواز شریف کے خلاف سازش کی آج وہ عوام میں نکلنے کے قابل نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں جب مسلم لیگ (ن) کو حکومت ملی تو 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی جسے ختم کیا گیا، نواز شریف کی 4 سال حکومت میں ڈالر 98 اور 97 روپے پر رہا۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آ رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کا 21 اکتوبر کیلیے ایک ہی نعرہ ہوگا ’امید سے یقین تک، پاک سر زمین تک۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور جب تک پاکستان ہے ایٹمی طاقت رہے گا، مجھے خوشی ہے کہ پشاور کے لوگوں کے پاس بھی میٹرو بس ہے، پاکستان کے تمام منصوبے نواز شریف کے دیے ہوئے ہیں۔